کورٹ نے ریستوراں میں آتشزدگی کے واقعات سے بچنے کے لیے ایکشن پلان کا حکم دیا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-01-2026
کورٹ نے ریستوراں میں آتشزدگی کے واقعات سے بچنے کے لیے ایکشن پلان کا حکم دیا
کورٹ نے ریستوراں میں آتشزدگی کے واقعات سے بچنے کے لیے ایکشن پلان کا حکم دیا

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ قومی دارالحکومت میں ہوٹلوں، کلبوں اور ریستورانوں میں آگ لگنے اور دیگر حادثات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات نافذ کرنے کا ایک جامع ایکشن پلان تیار کریں۔ چیف جسٹس دیویندر کمار اُپادھیائے اور جسٹس تُشار راو گیڈیلا پر مشتمل بنچ نے نوٹ کیا کہ درخواست گزار نے حکام سے رجوع کیے بغیر ہی عدالت کا رخ کیا ہے، اور اسے ہدایت دی کہ وہ متعلقہ اتھارٹیز کو اپنی نمائندگی پیش کرے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ ہوٹلوں، کلبوں اور ریستورانوں کے حفاظتی آڈٹ، بشمول فائر سیفٹی، سے متعلق دائر کی گئی درخواست کو حکام بطور نمائندگی قبول کریں۔
بنچ نے کہا کہ ریکارڈ پر ایسا کچھ نہیں ہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ اس عدالت سے رجوع کرنے سے پہلے درخواست گزار نے حکام سے رابطہ کیا ہو۔ ہم اس رِٹ پٹیشن کو اس ہدایت کے ساتھ نمٹا رہے ہیں کہ اسے حکام کے لیے ایک نمائندگی کے طور پر لیا جائے۔ عدالت نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس نمائندگی پر غور کریں اور قواعد و قوانین کے مطابق جلد از جلد مناسب فیصلہ کریں۔ ساتھ ہی، انہیں مسائل کا حل نکالنے اور ایسے حفاظتی اقدامات کے نفاذ کے لیے ایکشن پلان تیار کرنا ہوگا تاکہ آگ لگنے اور دیگر حادثات سے بچا جا سکے۔ اس درخواست میں دہلی حکومت، میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) اور نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کو فریق بنایا گیا تھا۔
عدالت ایڈووکیٹ ارپت بھارگوو کی درخواست کی سماعت کر رہی تھی، جس میں حکام کو ہدایت دینے کی اپیل کی گئی تھی کہ وہ وقت مقررہ کے اندر زون وائز حفاظتی آڈٹ کرائیں اور رپورٹ پیش کریں۔
درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹس سارتھک شرما اور موہت یادو نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر کسی قسم کی خامیاں پائی جائیں تو ان کے ازالے کے اقدامات کیے جائیں، نیز آگ کے حادثات میں جاں بحق یا زخمی ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے لیے معاوضے کی اسکیم تیار کی جائے اور قصوروار افسران کی ذمہ داری طے کی جائے۔
درخواست میں دسمبر 2025 میں گوا کے نائٹ کلب میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ دہلی میں بھی کئی ایسے ہی ادارے ہیں جو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چل رہے ہیں، حفاظتی ضوابط پر عمل نہیں کر رہے اور عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ اس کا مقصد عوام کی جانیں بچانا ہے اور ایسی معاوضہ/ہرجانہ اسکیم نافذ کرنا ہے کہ کوئی بھی شخص جان بوجھ کر قانون کی خلاف ورزی کرنے کا نہ سوچے، جس سے خود بخود تعمیل یقینی ہوگی اور طویل مدت میں فریقین کے لیے بھی کام آسان ہو جائے گا۔