نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی ہائی کورٹ نے ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور دیگر کے خلاف سمیر وانکھیڑے کی درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور دیگر کو سات دنوں کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے درخواست گزار سے کہا ہے کہ وہ تمام مدعا علیہان کو درخواست کی ایک نقل فراہم کریں۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 30 اکتوبر کو مقرر کی گئی ہے۔
میری بیوی اور بہن کو ٹرول کرنے والے پوسٹس
وانکھیڑے نے عدالت کو بتایا کہ ویب سیریز کے حوالے سے ان، ان کی بیوی اور بہن کو ٹرول کرنے والے کئی پوسٹس سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں، جو پہلی نظر میں توہین آمیز اور ہتک آمیز ہیں۔
وانکھیڑے نے کہا کہ یہ چونکانے والا ہے۔
عدالت نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ آپ کے پاس اس عدالت میں آنے کی معقول وجہ ہے، لیکن ایک قانونی عمل کی پیروی کرنا ضروری ہے۔
عدالت میں آج کیا ہوا
وانکھیڑے کی جانب سے سینئر وکیل سندیپ سیٹھی پیش ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ شکایت میں ترمیم کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ وانکھیڑے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ مقدمہ دہلی ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
اگلی سماعت 30 اکتوبر کو
اس مقدمے میں پروڈکشن ہاؤس اور دیگر کے خلاف مستقل اور لازمی حکم امتناع کے ساتھ ساتھ دو کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ وانکھیڑے نے کہا ہے کہ اگر وہ یہ رقم جیتتے ہیں تو اسے ٹاٹا میموریل کینسر اسپتال میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے عطیہ کریں گے۔
پورا معاملہ کیا ہے؟
اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان پر مبنی ویب سیریز "دی بیڈز آف بولی وُڈ" ان دنوں کافی سرخیوں میں ہے۔ اس سیریز میں ایک ایسا حصہ دکھایا گیا ہے جس میں ایک افسر سمیر وانکھیڑے سے مشابہت رکھنے والا کردار پیش کیا گیا ہے۔ یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس ویب سیریز میں آریان خان ڈرگس کیس کے دوران وانکھیڑے کا مذاق اُڑایا گیا ہے۔
اسی بنا پر سمیر وانکھیڑے نے ویب سیریز بنانے والی کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور نیٹ فلیکس کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ اب دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے میں سمیر وانکھیڑے سے سخت سوالات کیے ہیں۔