دہلی ہائی کورٹ :شادی کے بہانے عورت سے زیادتی، ضمانت مسترد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-07-2025
دہلی ہائی کورٹ :شادی کے بہانے عورت سے زیادتی، ضمانت مسترد
دہلی ہائی کورٹ :شادی کے بہانے عورت سے زیادتی، ضمانت مسترد

 



نئی دہلی (پی ٹی آئی)  دہلی ہائی کورٹ نے ایک 49 سالہ شخص کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے، جس پر 53 سالہ خاتون کے ساتھ شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کا الزام ہے۔جسٹس سورنا کانتا شرما نے اپنے فیصلے میں مشاہدہ کیا کہ اس تعلق کو رضامندی پر مبنی قرار دینے کے لیے کوئی مواد موجود نہیں، اور بادی النظر میں معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ خاتون، اگرچہ طلاق یافتہ ہیں، لیکن انہیں جعلی یقین دہانیوں کی بنیاد پر گمراہ کیا گیا

۔4 جولائی کو جاری کیے گئے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ چونکہ اہم گواہان کا ابھی بیان ہونا باقی ہے اور ریکارڈ پر موجود واٹس ایپ چیٹ ابتدائی طور پر اس جرم کی سنگینی کی جانب اشارہ کرتی ہے، اس لیے اس مرحلے پر عدالت کو ضمانت دینے کی کوئی بنیاد نظر نہیں آتی۔"

الزام کیا ہے؟

استغاثہ کے مطابق، متاثرہ خاتون کی ملاقات ملزم سے ایک رائیڈرز گروپ کے ذریعے ہوئی، جس کا ایڈمن وہ شخص تھا۔ اس نے خود کو نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ کا ڈی سی پی ظاہر کیا۔ملزم مبینہ طور پر خاتون کے گھر آیا اور شادی کے جھوٹے وعدے پر اس سے زبردستی جسمانی تعلق قائم کیا۔جب متاثرہ خاتون نے شادی پر زور دیا تو اس نے واٹس ایپ کے ذریعے مبینہ طور پر طلاق کی ایک پٹیشن کی کاپی بھیجی اور کہا کہ وہ جلد اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کر کے اس سے شادی کر لے گا۔خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم نے اس کی نجی تصاویر عام کرنے کی دھمکی دی، جس کے بعد اس نے پولیس سے رجوع کیا اور ایف آئی آر درج کرائی۔

ملزم کا مؤقف

ملزم نے ضمانت کی درخواست میں کہا کہ ان کے درمیان تعلق باہمی رضامندی سے تھا اور 53 سالہ خاتون، جس کا ایک بالغ بیٹا بھی ہے، اپنی حرکتوں کے نتائج سے بے خبر نہیں ہو سکتی۔اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شادی کا جو وعدہ اس نے کیا، اس کی کوئی اہمیت نہیں کیونکہ خاتون کو پہلے ہی معلوم تھا کہ وہ شادی شدہ ہے۔

عدالت کا تجزیہ

عدالت نے ریکارڈ پر موجود مواد، خصوصاً واٹس ایپ چیٹس کا جائزہ لیا اور پایا کہ ملزم نے طلاق کی پٹیشن جعلی طور پر تیار کی اور خاتون کو جھوٹا یقین دلایا کہ وہ طلاق کے عمل سے گزر رہا ہے۔عدالت نے کہا کہ یہ حالات ظاہر کرتے ہیں کہ جسمانی تعلق کے لیے حاصل کی گئی رضامندی باخبر یا رضاکارانہ نہیں تھی بلکہ دھوکے اور جھوٹ کی بنیاد پر حاصل کی گئی۔

دیگر جھوٹے دعوے

چارج شیٹ میں شامل واٹس ایپ چیٹس سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ ملزم نے خود کو سابق نیوی کیپٹن اور بعد میں این ایس جی کا رکن ظاہر کیا، اور دعویٰ کیا کہ وہ 2008 کے ممبئی حملوں میں ٹیم کا حصہ تھا۔ ساتھ ہی اس نے کہا کہ وہ فی الحال نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ میں ڈی سی پی کے طور پر تعینات ہے۔عدالت نے ایک پولیس انسپکٹر کے بیان کا حوالہ بھی دیا، جس کے سامنے ملزم نے خود کو ڈی سی پی ظاہر کیا تھا۔عدالت نے کہا کہ ملزم کے وکیل کی یہ دلیل کہ شکایت کنندہ کو گمراہ نہیں کیا گیا یا کوئی جعل سازی نہیں ہوئی، ابتدائی طور پر قابل قبول نہیں، کیونکہ استغاثہ نے جو مواد ریکارڈ پر پیش کیا ہے، وہ اس کے خلاف اشارہ کرتا ہے۔عدالت نے ان تمام شواہد کی بنیاد پر ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔