آلودگی پر دہلی حکومت کا بڑا فیصلہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-12-2025
آلودگی پر دہلی حکومت کا بڑا فیصلہ
آلودگی پر دہلی حکومت کا بڑا فیصلہ

 



دہلی/ آواز دی وائس
دارالحکومت میں مسلسل شدید فضائی آلودگی کے پیشِ نظر دہلی حکومت نے ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے تمام دفاتر میں 50 فیصد ورک فرام ہوم کا نظام نافذ کر دیا ہے۔ ایک دن پہلے حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا تھا کہ جن گاڑیوں کے پاس نو پولیوشن سرٹیفکیٹ نہیں ہوگا، انہیں پیٹرول اور ڈیزل فراہم نہیں کیا جائے گا۔
دہلی حکومت کے وزیر کپل مشرا نے کہا کہ جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ گریپ )مرحلہ 4 نافذ کر دیا گیا ہے، اسی لیے محکمۂ محنت کے تحت اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل 16 دن تک گریپ مرحلہ 3 نافذ رہا، جس کے باعث تعمیراتی سرگرمیاں بند رہیں۔ اسی وجہ سے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ مزدوروں کو 10 ہزار روپے معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کپل مشرا نے کہا کہ اس کے بعد گریپ مرحلہ 4 کے دنوں کی گنتی بھی کی جائے گی۔ تمام سرکاری اور نجی اداروں میں زیادہ سے زیادہ 50 فیصد ملازمین کے ساتھ ہی کام ہوگا، جبکہ باقی تمام ملازمین کل سے گھر سے کام کریں گے۔ تاہم صحت کی خدمات، فائر بریگیڈ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹ محکمے کی ضروری خدمات کے ملازمین کو اس فیصلے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
کپل مشرا نے سابق عام آدمی پارٹی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے ایک غلطی ہوئی ہے، اور وہ یہ کہ ہم 30 سال کی آلودگی کو چند ہی مہینوں میں ختم نہیں کر سکے۔ کیا ہماری غلطی یہ ہے کہ ہماری وزیرِ اعلیٰ ایک خاتون ہیں، دیکھئے ان پر کس طرح حملے کیے جا رہے ہیں۔ آپ نے اپنے دورِ حکومت میں آلودگی کے خلاف ایک بھی قدم نہیں اٹھایا، حلف ناموں میں جھوٹ بولا اور عدالت میں کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی آلودگی ختم نہیں کر سکی، لیکن ہم ضرور کریں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ دہلی میں آلودگی کو عام آدمی پارٹی کی سیاست کا شکار نہ بنایا جائے۔ تعمیراتی کاموں میں لگے مزدوروں کی تصدیق مکمل ہوتے ہی ان کے کھاتوں میں ادائیگی کر دی جائے گی۔