دہلی: راجدھانی میں آلودگی کم کرنے کے لئے حکومت کا اہم قدم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 11-10-2025
دہلی: راجدھانی میں آلودگی کم کرنے کے لئے حکومت کا اہم قدم
دہلی: راجدھانی میں آلودگی کم کرنے کے لئے حکومت کا اہم قدم

 



نئی دہلی: ملک کے قومی دارالحکومت، دہلی میں آلودگی پر قابو پانے کے لیے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے 'انوویشن چیلنج' (جدت طرازی کا چیلنج) شروع کیا ہے، جس کے تحت عام لوگ، محققین (ریسرچرز) اور ادارے ایسے نئے اور سستے تکنیکی حل تجویز کر سکتے ہیں جو آلودگی کو کم کرنے میں مددگار ہوں۔ اس اقدام کو دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (DPCC) نے محکمہ ماحولیات کے تحت شروع کیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ لوگ اپنے منصوبے یا تجاویز 31 اکتوبر تک بھیج سکتے ہیں۔ اس کے بعد تمام پروپوزل (تجاویز) کا تین مراحل میں جائزہ لیا جائے گا۔ منتخب کیے گئے منصوبوں کو حکومت کی جانب سے 5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک کا انعام دیا جائے گا۔ جن خیالات اور ٹیکنالوجیز سے آلودگی پر مؤثر قابو پایا جا سکتا ہے، انہیں دہلی میں نافذ بھی کیا جا سکتا ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈی پی سی سی منصوبے کی ابتدائی جانچ اور اس کی اہلیت کا جائزہ لے گی۔

دوسرے مرحلے میں آزاد ٹیکنیکل ایویلیوایشن کمیٹی کی جانب سے ماڈل کا سخت تکنیکی معائنہ کیا جائے گا، جس میں اس کی درستگی اور اثر پذیری کا تجزیہ شامل ہوگا۔ تیسرے اور آخری مرحلے میں منتخب شدہ بہترین ماڈل کو مالی مدد دی جائے گی اور فیلڈ ٹرائل (زمینی آزمائش) کی منظوری دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا: "دہلی کو صاف اور سانس لینے کے قابل بنانے کے لیے حکومت جدت طرازی (انوویشن) کو فروغ دے رہی ہے۔

دہلی جیسے بڑے شہر میں روایتی طریقوں کے ساتھ ساتھ نئی ٹیکنالوجی کی مدد بھی ضروری ہے۔" اسی سمت میں، دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے جمعہ (10 اکتوبر 2025) کو دوارکا سیکٹر-19 میں خودکار اینٹی-سموگ مِسٹنگ سسٹم کا افتتاح کیا۔

یہ نظام دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (DDA) کے تحت نصب کیا گیا ہے، جو ہوا میں موجود گرد و غبار اور باریک ذرات کو کم کرے گا۔ تقریباً 7 کلومیٹر کے علاقے میں 166 برقی کھمبوں پر ہائی-پریشر مِسٹنگ نوزل لگائے گئے ہیں، جو وقفے وقفے سے دھند اور گرد پر پانی کی باریک پھوار چھوڑیں گے۔

حکومت کا ماننا ہے کہ یہ ماڈل پروجیکٹ مستقبل میں دہلی کے دیگر علاقوں میں بھی نافذ کیا جا سکتا ہے۔ دہلی ہر سال سردیوں میں آلودگی کے شدید مسئلے کا سامنا کرتی ہے، خاص طور پر پرالی جلانے (فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے) اور گرد و غبار کے باعث۔ ایسے میں ریکھا گپتا حکومت کا یہ نیا اقدام آلودگی پر قابو پانے کی سمت میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔