نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے لیے ‘میرا بھارت، میرا تعاون’ کے نام سے ایک مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سرکاری افسران ہفتے میں دو دن گھر سے کام کریں گے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “وزیر اعظم نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے دوران ہر شہری اپنی زندگی میں چھوٹے تبدیلیاں لا کر معیشت کو مضبوط کرے، اور اسی کے تحت دہلی حکومت اس اپیل کو 90 دن کی عوامی مہم میں تبدیل کرے گی۔” وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس مہم کے تحت ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے کئی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران ہفتے میں دو دن گھر سے کام کریں گے، جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اسی طرز پر مشورہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کام آن لائن ممکن ہو وہاں یہ نظام نافذ کیا جائے گا اور لیبر ڈیپارٹمنٹ اس کی نگرانی کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود اور کابینہ کے وزراء بھی کمپنیوں اور اداروں سے اس حوالے سے بات کریں گے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق سرکاری افسران کے ایندھن کے کوٹے میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پیر کو “منڈے میٹرو” کے تحت وزراء اور افسران دفتر آنے جانے کے لیے میٹرو کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ہفتے میں ایک دن “نو وہیکل ڈے” منائیں اور اپنی ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
دہلی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگلے چھ ماہ تک نئی پیٹرول، ڈیزل، سی این جی اور ہائبرڈ گاڑیوں کی خریداری نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ٹرانسپورٹرز سے بھی اپیل کی کہ وہ سامان کی ترسیل کے لیے ٹرکوں کے بجائے ریل کا زیادہ استعمال کریں تاکہ ڈیزل کی بچت ہو سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی حکومت کے وزراء اور افسران اگلے ایک سال تک کوئی سرکاری غیر ملکی دورہ نہیں کریں گے۔