دہلی: آوارہ کتوں کی نس بندی اور ٹیکے لگانے کا منصوبہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-08-2025
دہلی: آوارہ کتوں کی نس بندی اور ٹیکے لگانے کا منصوبہ
دہلی: آوارہ کتوں کی نس بندی اور ٹیکے لگانے کا منصوبہ

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
دہلی حکومت آوارہ کتوں کے لیے بڑے پیمانے پر نس بندی اور ویکسینیشن پروگرام شروع کرنے کی تیاری میں ہے۔ حکام نے بتایا کہ 78 سرکاری ویٹرنری اسپتالوں میں سے 24 کو ویکسینیشن مراکز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ قدم سپریم کورٹ کے اُس فیصلے کے بعد اٹھایا گیا ہے جو دہلی-این سی آر میں آوارہ کتوں کے حوالے سے آیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے کہ آوارہ کتوں کو اینیمل برتھ کنٹرول  رولز 2023 کے تحت نس بندی اور ویکسینیشن کے بعد اسی علاقے میں واپس چھوڑ دیا جائے جہاں سے انہیں پکڑا گیا تھا۔
کپل مشرا نے کی میٹنگ
حکام نے بتایا کہ ڈیولپمنٹ منسٹر کپل مشرا نے محکمے اور ویٹرنری اسپتالوں کے متعلقہ حکام کے ساتھ اس منصوبے کی تفصیلات اور طریقہ کار پر بات چیت کرنے کے لیے کئی میٹنگیں کی ہیں۔ ایک سینئر سرکاری افسر کے مطابق، اے بی سی رولز پر صحیح طریقے سے عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔ اس کے علاوہ اس بات کا کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں ہے کہ روزانہ، ماہانہ یا سالانہ کتنے کتوں کی ویکسینیشن یا نس بندی کی جاتی ہے۔ اس لیے شہر میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ حکومت دیگر شہروں، ریاستوں اور ملکوں میں اے بی سی  رولز کے نفاذ کا مطالعہ کرے گی تاکہ زمینی سطح پر نگرانی کے لیے ایک جامع ماڈل تیار کیا جا سکے۔
ٹیم کرے گی دورہ
حکام نے کہا کہ وہ خاص طور پر اس بات کا مطالعہ کریں گے کہ لکھنؤ نے اے بی سی  رولز کا کامیاب نفاذ اور نگرانی کس طرح کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ حکومت جلد ہی ایک مشیر (کنسلٹنٹ) تعینات کرے گی جو اُن ویٹرنری اسپتالوں اور کلینکس کا تجزیہ کرے گا جنہیں نس بندی پروگرام کے لیے بدلا جا سکتا ہے۔
حکومت اس اقدام کے لیے رہنما خطوط اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر  پر مشتمل ایک نئی پالیسی لانے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے۔ ایک سینئر افسر نے کہا، "ضروری مشینیں، آلات اور ایک مرکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ پالیسی میں نس بندی کے بارے میں جامع رہنما اصول شامل ہوں گے۔
جانوروں کے شوقین افراد کی مدد بھی لی جائے گی
اس کے علاوہ حکومت اجتماعی نس بندی مہم میں شرکت کے لیے نجی ویٹرنری اسپتالوں، غیر سرکاری تنظیموں اور جانوروں سے محبت کرنے والے افراد کو بھی شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ حکام نے کہا کہ افرادی قوت ایک مسئلہ ہے۔ پالیسی کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد ہم سرکاری اور نجی دونوں ویٹرنری اسپتالوں میں جانور اور کتے کے شوقین افراد کو اجتماعی نس بندی پروگرام میں رضاکارانہ طور پر شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔
حکام نے بتایا کہ کپل مشرا آج اس سلسلے میں نجی اسپتالوں کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کریں گے۔ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے حکام کو آوارہ کتوں کے خلاف کسی بھی "سخت کارروائی" سے گریز کرنے کی ہدایت دی تھی۔ 2016 میں ہوئی پچھلی کتوں کی مردم شماری کے مطابق دہلی میں آوارہ کتوں کی تخمینی تعداد تقریباً 8 لاکھ ہے۔