دہلی : کھانسی سیرپ'کولڈریف' پر پابندی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-10-2025
دہلی :  کھانسی سیرپ'کولڈریف' پر پابندی
دہلی : کھانسی سیرپ'کولڈریف' پر پابندی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی حکومت نے کف سیرپ ’کولڈریف‘ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ چھتیس گڑھ سمیت کئی ریاستوں میں اس سیرپ کے استعمال سے متعدد بچوں کی موت ہو چکی ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے دہلی ادویہ کنٹرول محکمے نے کولڈریف سیرپ کو فوری طور پر مارکیٹ سے واپس لینے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی اسے بچوں کی صحت کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کی خرید و فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔
دہلی حکومت نے 24 گھنٹوں کے اندر تمام اسٹاک کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ مدھیہ پردیش میں اب تک اس سیرپ سے 23 بچوں کی موت ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا حکومت کی جانب سے جمعہ کو جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کولڈریف سیرپ (جس میں پیرسیٹامول، فینائل افرین ہائیڈروکلورائیڈ، اور کلورفینیرامین میلئیٹ شامل ہے) کو مئی 2025 میں شریسن فارماسوٹیکل کمپنی، تمل ناڈو نے تیار کیا تھا۔
لیبارٹری جانچ میں اس میں ڈائی ایتھلین گلائکول کی ملاوٹ پائی گئی ہے، جو ایک زہریلا کیمیکل ہے اور انسانی صحت کے لیے نہایت مضر سمجھا جاتا ہے۔ تمام متعلقہ فریقوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس سیرپ کی فروخت، خریداری یا تقسیم کو فوراً بند کریں۔ حکومت نے عوام کو بھی صحت کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اس پروڈکٹ کے استعمال سے گریز کرنے کی سخت ہدایت دی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ عوامی مفاد میں جاری کیے گئے اس مشاورتی نوٹس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور اسے وسیع پیمانے پر عام کرنے کے لیے تمام فریق تعاون کریں۔ دوسری جانب، تمل ناڈو کی شریسن فارما کمپنی کے مالک رنگ ناتھن گوویندن کو جمعہ کے روز چھندواڑہ عدالت نے 10 دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔
اضافی ضلعی مجسٹریٹ دھیرندر سنگھ نیترے نے بتایا کہ اب تک آلودہ کولڈریف سیرپ کے باعث 22 بچوں کی موت ہو چکی ہے۔