دہلی گیٹ قبرستان: شہاب الدین کی قبر کو پختہ بنانے کی تعمیرات پر روک کیوں ؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2021
قبر پر تنازعہ
قبر پر تنازعہ

 

 

عبدالحئی خان نئی دہلی:

بہار کےسیوان ضلع کے ممبرپارلیمنٹ شہاب الدین جن کو دہلی گیٹ قبرستان میں دفن کیاگیا تھا۔ گزشتہ دنوں ان کی قبر کو پختہ بنانے کی تعمیرات کے تنازع کے بعد اس کو بند کر دیاگیا ہے۔ قبرستان کمیٹی پر اس طرح کے الزامات لگائے جارہے ہیں کہ عالمی وبا میں قبرستان میں جگہ کم ہونے کے باوجود پختہ تعمیرات کی منظوری دے دی گئی تھی۔

’آواز دی وائس ‘ نے اس سے قبل بھی دہلی کے بڑے قبرستانوں میں لوگوں کو دفن کرنے کے بعد پختہ قبر بنانے کا معاملہ اٹھایا تھا، کیونکہ زیادہ تر قبرستانوں میں تدفین کے لیے جگہ کی قلت پیدا ہو گئی تھی۔ اس کے باوجود دہلی گیٹ قبرستان میں شہاب الدین کے عزیز و اقارب نے قبر کو پختہ کرنے کا کام شرو ع کردیا تھا، لیکن جیسے ہی سوشل میڈیا میں اس پر ہنگامہ کھڑا ہوا تو ان کے رشتہ داروں نے کام بند کردیا۔

واضح رہے کہ بہار کے قدآوار لیڈراور سابق ممبر پارلیمنٹ شہاب الدین کی تدفین آئی ٹی او پر واقع قبرستان میں کی گئی تھی، جس کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے۔ تہاڑ جیل میں کورونا سے متاثر ہونے کے بعد انہیں علاج کے لیے دین دیال اُپادھیائے اسپتال میں داخل کرایاگیا تھا،جہاں ان کی موت واقع ہو گئی تھی۔ غور طلب ہے کہ شہاب الدین کے رشتے دار بہار میں ان کی تدفین کرنا چاہتے تھے، لیکن امن و قانون اور کورونا سے ہوئی موت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی۔اس کے بعد آئی ٹی او کے دہلی گیٹ قبرستان میں انہیں سپرد خاک کیاگیا۔ ہنگامے کا خطرہ دیکھتے ہوئے اور امن و قانون بنائے رکھنے کے لیے قبرستان کے باہر بھاری تعداد میں پولیس کو بھی تعینات کیاگیا تھا۔ ان کے رشتہ داروں نے عدالت کا بھی سہارا لیا تھا، لیکن عدالت نے بھی اس کی اجازت نہیں دی اور دہلی میں ہی ان کی آخری رسوم ادا کرنے کے لیے کہا گیا تھا اور اس طرح ان کو آئی ٹی او قبرستان میں ہی دفن کردیاگیا تھا۔ کچھ دنوں بعد ان کی قبر کو پختہ کرنے کا کام شروع کیاگیا، لیکن قبرستان انتظامیہ کمیٹی اور مقامی لوگوںنے اس کی مخالفت کی اور کمیٹی پر الزام لگایا کہ اس نے قبر کو پختہ کرنے کی اجازت دی ہے، لیکن تنازع کو بڑھتا دیکھ کر پختہ تعمیرات کا کام فوری طور پر بند کردیاگیا ہے۔