دہلی : سیلاب کا خطرہ، اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور لوگ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-09-2025
دہلی : سیلاب کا خطرہ، اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور لوگ
دہلی : سیلاب کا خطرہ، اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور لوگ

 



نئی دہلی/ آواز 
دہلی ان دنوں جمنا کے طغیانی سے دوچار ہے۔ دریا کا پانی مسلسل بڑھ رہا ہے اور دارالحکومت کے نچلے علاقے بے قابو ہوتے جا رہے ہیں۔ مدن پور کھادر، جمنا کھادر، مایور وہار، پرانا لوہے کا پل اور گیتا کالونی جیسے علاقے پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ جگہ جگہ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف جانے پر مجبور ہیں۔ ٹریفک پولیس نے کئی سڑکوں کو بند کر کے متبادل راستے تجویز کیے ہیں جبکہ انتظامیہ نے ہزاروں افراد کو بچا کر ریلیف کیمپوں میں پہنچایا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ سیلابی صورتحال صرف بارش کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ اوپری علاقوں سے، خاص طور پر ہریانہ کے ہتھنی کنڈ بیراج سے چھوڑا گیا بھاری پانی جمنا کی طغیانی کی بڑی وجہ ہے۔ اس کے علاوہ دہلی-این سی آر میں ہونے والی لگاتار تیز بارش نے حالات کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں تک مزید بارش کی وارننگ دی ہے، جس سے انتظامیہ کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔
جمنا کھادر علاقے میں سیلابی پانی براہِ راست گھروں میں داخل ہو گیا ہے، ہزاروں لوگ ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ مدن پور کھادر میں کسان اپنی فصل بچانے کی آخری کوشش کر رہے ہیں، جبکہ کھیت اور ٹریکٹر ڈوبنے جیسی تصاویر سامنے آئی ہیں۔ ٹرانس-جمنا علاقے جیسے مایور وہار میں پانی گھسنے کے بعد ریلیف کیمپ بنانے پڑے ہیں۔ پرانے ریلوے پل کے آس پاس کے کئی علاقے اب پانی کی زد میں ہیں، جہاں ٹریفک روکنا پڑا اور لوگوں کو نکالنا پڑا۔
کتنے لوگ متاثر ہوئے؟
اب تک تقریباً 10,000 لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ دہلی حکومت نے مایور وہار، جمنا کھادر اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں جہاں لوگوں کو کھانا، پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ نے 58 کشتیاں، 675 لائف جیکٹس، 24 جنریٹر اور لاکھوں ریت کے تھیلے مہیا کیے ہیں تاکہ حالات کو قابو میں لایا جا سکے۔
انتظامیہ کی طرف سے فلڈ ریسپانس ایکشن پلان
دہلی انتظامیہ نے فلڈ ریسپانس ایکشن پلان نافذ کیا ہے۔ پرانے ریلوے پل پر ٹریفک بند کر دیا گیا ہے اور ٹرینوں کی رفتار کم کر دی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ کوئی شخص پھنس نہ رہ جائے۔ ساتھ ہی، محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارش کی وارننگ دی ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔