نئی دہلی: جمنا ندی کی سطح آب جمعہ کی صبح آٹھ بجے 205.10 میٹر تک پہنچ گئی، جو پرانے ریلوے پل پر خطرے کے نشان 205.33 میٹر سے کچھ ہی نیچے ہے۔ حکام نے یہ معلومات دی ہیں۔ ایک دن پہلے سطح آب 204.88 میٹر درج کی گئی تھی، جو 204.50 میٹر کے وارننگ لیول سے زیادہ تھی، اور تب سے پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام کے مطابق، سیلاب جیسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ایجنسیوں کو احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، اور ندی کی بڑھتی سطح کے پیش نظر ساحلی علاقوں میں اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ مشرقی ضلع مجسٹریٹ کے دفتر سے جاری سیلاب کنٹرول بلیٹن میں کہا گیا، جمعہ کی صبح آٹھ بجے ہتھنی کنڈ بیراج پر پانی کا بہاؤ 24,613 کیوسک اور وذیرآباد بیراج پر 46,290 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دہلی میں وارننگ لیول 204.5 میٹر ہے، جبکہ خطرے کی سطح 205.33 میٹر پر مانی جاتی ہے، اور اگر پانی کی سطح 206 میٹر تک پہنچ جائے تو نچلے علاقوں سے لوگوں کو نکالنے کا عمل شروع کر دیا جاتا ہے۔ آبپاشی و سیلاب کنٹرول محکمے کے مطابق، نچلے علاقوں میں رہنے والے تقریباً 12,000 افراد کو خبردار کر دیا گیا ہے اور متعلقہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (SDM) صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔