دہلی فائر سروسز جدید ٹیکنالوجی کااستعمال کرے گی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-05-2026
دہلی فائر سروسز جدید ٹیکنالوجی کااستعمال کرے گی
دہلی فائر سروسز جدید ٹیکنالوجی کااستعمال کرے گی

 



نئی دہلی: دارالحکومت میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر دہلی فائر سروسز (ڈی ایف ایس) اس سال جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنی خدمات کو بہتر بنانے جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایک مرکزی کمان اور کنٹرول سینٹر قائم کیا جائے گا، جس میں مصنوعی ذہانت (AI)، گلوبل پوزیشننگ سسٹم (GPS) اور جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) جیسی جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال ہوگا۔

یہ محکمہ اس وقت عملے کی کمی اور پرانے آلات جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ شہر میں لگاتار آگ لگنے کے واقعات کے باعث ڈی ایف ایس کو محدود عملہ، فرسودہ مواصلاتی نظام اور زیادہ تر کام روایتی (مینول) طریقے سے انجام دینا پڑ رہا ہے، جس سے اکثر ہنگامی صورتحال میں ردعمل دینے میں تاخیر ہوتی ہے۔

اس وقت ڈی ایف ایس کے پاس 71 فائر اسٹیشنز میں 2,459 ملازمین کام کر رہے ہیں، جبکہ وزارت داخلہ کی مستقل فائر ایڈوائزری کمیٹی کے مطابق تقریباً 24,000 ملازمین اور 120 فائر اسٹیشنز کی ضرورت ہے، جو موجودہ صلاحیت میں بڑے فرق کو ظاہر کرتا ہے۔ ان بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر، محکمہ اس سال ایک جدید کنٹرول سینٹر قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ ایمرجنسی رسپانس کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے اور مینول نظام پر انحصار کم کیا جا سکے۔