دہلی فسادات: عدالت نے صفورا زرگر کو عید پر کشمیر جانے کی دی اجازت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-07-2022
دہلی فسادات: عدالت نے صفورا زرگر کو عید پر کشمیر جانے کی دی اجازت
دہلی فسادات: عدالت نے صفورا زرگر کو عید پر کشمیر جانے کی دی اجازت

 


آواز دی وائس، نئی دہلی 

نئی دہلی:دہلی کی ایک عدالت نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طالبہ اور سماجی کارکن صفورا زرگر کو عیدالاضحی کے موقع پر کشمیر کے کشتواڑ میں اپنے آبائی علاقے میں جانے کی اجازت دے دی ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج نوین گپتا نے انہیں دارالحکومت چھوڑنے کی اجازت دیتے ہوئے درخواست گزار کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری ای میل کے ذریعے تفتیشی افسر کو اپنا سفری بلیو پرنٹ پیش کریں۔

صفورا زرگر کے وکیل نے عرض کیا کہ انہیں دہلی ہائی کورٹ نے 23 جون 2020 کو باقاعدہ ضمانت دی تھی اور ضمانت کی شرائط میں سے ایک شرط یہ تھی کہ اگر درخواست گزار قومی دارالحکومت علاقہ دہلی چھوڑنا چاہتا ہے تو متعلقہ عدالت سے اجازت ضروری ہے۔

ان کے وکیل نےکہا کہ صفورا زرگراس وقت دہلی میں اپنے سسرال میں رہ رہی ہیں۔

عیدالاضحیٰ کا تہوار 10 جولائی2022 کو منایا جا رہا ہے اوران کا پورا خاندان اور سسرال والے اس تہوار کے لیے ان کے آبائی شہر کشتواڑ میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چوں کہ درخواست گزار/ملزم اوراس کے شوہرکا آبائی شہرکشتواڑ  ہے،اس لیے وہ عیدالاضحی کا تہوار وہیں منانا چاہتی ہیں۔

ان کامزید کہنا تھا کہ درخواست گزارہائی کورٹ کے حکم کے مطابق ضمانت کی دیگر تمام شرائط کی تعمیل کر رہا ہے۔

درخواست گزار نے اس معاملے میں پچھلی تمام سماعتوں میں شرکت کی ہے اور آئندہ تمام سماعتوں میں شرکت کا عہد کیا ہے۔

عدالت نے پیر کو جاری کیے گئے اپنے حکم میں صفورا زرگر کو بھی ہدایت کی کہ وہ گوگل میپس کے ذریعے اپنی لوکیشن شیئر کریں تاکہ تفتیشی افسر مقام کی تصدیق کر سکے۔

جج نے صفورا کو 7جولائی سے 31 جولائی2022 تک سفر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے یکم اگست2022 کو مزید کارروائی میں شرکت کی ہدایت کی۔