نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کو کہا کہ ان کی حکومت طلبہ کے لیے رعایتی میٹرو پاس کی طویل عرصے سے چلی آ رہی مانگ کو جلد ہی پورا کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی مقصد سے جڑ کر اپنے کالج کی زندگی کو ’’اور بھی یادگار‘‘ بنائیں۔
دہلی یونیورسٹی کے اسپورٹس کمپلیکس میں اکھل ہندوستانی ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے سالانہ پروگرام ’’سویہنسدھ 2025‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ریکھا نے ایک طالب علم کارکن سے وزیر اعلیٰ بننے تک کے اپنے سفر کو یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی ڈاکٹر یا انجینئر جیسا بڑا بننے کا خواب نہیں دیکھا تھا۔ میرے خاندان میں لڑکیوں کے لیے نوکری کرنا بھی ممکن نہیں تھا، لیکن جب میں دَولت رام کالج کی طالبہ کے طور پر اے بی وی پی میں شامل ہوئی، تو میں نے مہینوں چلنے والی ایک ہڑتال میں حصہ لیا۔ تبھی مجھے ڈُوسُو کے بارے میں پتہ چلا اور مجھے احساس ہوا کہ سرگرمی کیسے مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔
گپتا نے کہا کہ طلبہ سیاست کے دنوں نے ان کے کیریئر کو ایک نئی سمت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے کالج کے طلبہ کی بات سننے سے لے کر ڈُوسُو کے ذریعے پوری یونیورسٹی کے طلبہ کی نمائندگی کرنے تک، میرا سفر وہیں سے شروع ہوا اور آج میں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے یہاں پہنچی ہوں۔ آپ بھی کسی مہم سے جڑ کر اپنی کالج زندگی کو زیادہ یادگار بنا سکتے ہیں، اور کسی مہم سے جڑنے کا مطلب ہے اے بی وی پی سے جڑنا۔
جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد سرحد پار دہشت گرد ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے شروع کیے گئے ’’آپریشن سندور‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے ریکھا نے کہا کہ ’ب دو خواتین کمانڈروں نے پورے ملک کو (فوجی آپریشن کے بارے میں) معلومات دیں، تو ہم سب کو فخر محسوس ہوا۔ ہر لڑکی ایسی افسر بن سکتی ہے۔ آسمان ہی آسمان ہے۔
رعایتی میٹرو پاس کی مانگ پر وزیر اعلیٰ نے طلبہ کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جو وعدہ اب تک پورا نہیں ہوا، بھروسہ رکھیے، آپ کی بڑی بہن آپ کے لیے یہ کام کرے گی۔ دہلی حکومت رعایتی میٹرو پاس کو یقینی بنائے گی۔
دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین (ڈُوسُو) کی سبکدوش سیکریٹری اور اے بی وی پی لیڈر مرتویندا کرنوال نے کہا کہ طلبہ تنظیم پچھلے 10 برسوں سے میٹرو پاس کی مانگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی (آپ) حکومت (دہلی میں) نے ہماری مانگ کبھی نہیں سنی، لیکن ہماری سابقہ طالبہ اور موجودہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے آخرکار ہمیں امید دی ہے۔
سویہنسدھ‘‘ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی طلبہ شاخ اکھل ہندوستانی ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کا سالانہ پروگرام ہے، جس کا مقصد مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو اعزاز دینا ہے۔