دہلی: سی ایم ریکھا گپتا نے 105 نئی "دےوی" بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-06-2025
دہلی: سی ایم ریکھا گپتا نے 105 نئی
دہلی: سی ایم ریکھا گپتا نے 105 نئی "دےوی" بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی

 



نئی دہلی: دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو 105 نئی نارنجی رنگ کی “دےوی” (دہلی ای وی انٹر کنیکٹر) الیکٹرک بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور نریلا میں نئے تعمیر شدہ سیکٹر اے9 ڈیپو کا افتتاح کیا۔ وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے اسے قومی دارالحکومت کے لیے صاف اور زیادہ موثر پبلک ٹرانسپورٹ کے راستے میں ایک قدم قرار دیا۔

گپتا کا دعویٰ ہے کہ ڈیپو کی تعمیر صرف 90 دنوں میں مکمل ہوئی اور یہ دہلی کے رہائشیوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے پچھلی عام آدمی پارٹی حکومت پر بھی حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس نے دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو خسارے میں دھکیل دیا اور بدعنوان نظام کو فروغ دیا۔

انہوں نے کہا، بسیں دہلی کی زندگی کی رگیں ہیں۔ لیکن پچھلی حکومت کے دوران، راستے کم کر دیے گئے، بسیں گھٹا دی گئیں اور بدعنوانی پھیلی۔ کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے گپتا نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دوران ڈی ٹی سی کو 65,000 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خواتین کے لیے مفت بس سفر کی اسکیم بھی بدعنوانی سے بھرپور ہے اور صرف دکھاوا ہے کیونکہ پینک بٹن صرف نظر آنے کے لیے لگائے گئے ہیں۔

نو میٹر لمبی نئی الیکٹرک بسوں کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے گپتا نے کہا کہ یہ بسیں ایئر کنڈیشننگ، پینک بٹن اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹم سے لیس ہیں۔ انہوں نے کہا، جب ہم نے کاغذی ٹکٹ ہٹاکر کارڈنگ شروع کی، توآپ نے جھوٹ پھیلایا کہ اب خواتین مفت سفر نہیں کر پائیں گی، مگر یہ قدم صرف بدعنوانی روکنے کے لیے اٹھایا گیا تھا۔

دریں اثنا، تقریب میں موجود دہلی کے ٹرانسپورٹ منسٹر پنکج سنگھ نے کہا کہ پچھلی حکومت نے عوام کو بہتر بسوں کے ان کے حق سے محروم رکھا۔ انہوں نے کہا، یہ بسیں پچھلی مون سون تک آنی چاہئیں تھیں، مگر پچھلی حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی۔ آج، بی جے پی نے وہ وعدہ پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے “دےوی” بسیں ہرے رنگ کی ہوتی تھیں، اور یہ پہلا موقع ہے جب مکمل بیڑے کی بسیں نارنجی رنگ میں پیش کی گئی ہیں۔

بی جے پی کی دہلی یونٹ کے رہنما یوگندر چندولیا نے آپ کے اس دعوے کو مسترد کیا کہ یہ محض “ری برانڈنگ” کا عمل ہے۔ انہوں نے کہا، “اگر یہ آپ کی بسیں ہوتیں، تو یہ مہینوں پہلے سڑکوں پر آ جاتیں۔ یہ نئی بسیں ہیں، جنہیں بی جے پی کے دورِ حکومت میں خریدا اور لایا گیا ہے۔ آپ نے کبھی چھوٹی الیکٹرک بسیں نہیں خریدیں، بلکہ پرانی بسوں کا دوبارہ استعمال کیا۔