مالویہ نگر آتشزدگی : حادثے کے ہیروز کو اعزاز،سی ایم ریکھا گپتا نے کی ستائش

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-06-2026
مالویہ نگر آتشزدگی : حادثے کے ہیروز کو اعزاز،سی ایم ریکھا گپتا نے کی  ستائش
مالویہ نگر آتشزدگی : حادثے کے ہیروز کو اعزاز،سی ایم ریکھا گپتا نے کی ستائش

 



 نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کے روز مالویہ نگر ہوٹل آتشزدگی اور ساکیت کے سیدالاعجاب علاقے میں عمارت گرنے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے میں غیر معمولی کردار ادا کرنے والے شہریوں۔ پولیس اہلکاروں۔ انتظامی افسران اور امدادی کارکنوں کو اعزاز سے نوازا۔

اس سلسلے میں دہلی سیکریٹریٹ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں وزیر اعلیٰ نے بہادری اور انسان دوستی کا مظاہرہ کرنے والے افراد سے ملاقات کی اور انہیں تعریفی اسناد کے ساتھ اکیس ہزار روپے مالیت کے چیک پیش کیے۔

وزیر اعلیٰ نے دونوں حادثات میں جان گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے دس دس لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو دو دو لاکھ روپے امداد دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

ریکھا گپتا نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ معاوضے اور امدادی رقوم کی تقسیم شفاف اور تیز رفتار طریقے سے مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری راحت مل سکے۔

ریاض الدین منصوری کی انسان دوستی کو خصوصی خراج تحسین

تقریب میں اعزاز پانے والوں میں ریاض الدین منصوری بھی شامل تھے جنہوں نے مالویہ نگر ہوٹل میں لگنے والی خوفناک آگ کے دوران غیر معمولی حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنی دکان سے گدے نکال کر عمارت کے نیچے بچھا دیے جس کے باعث کئی افراد اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔

وزیر اعلیٰ نے انہیں اکیس ہزار روپے کا چیک پیش کرنے کے ساتھ ساتھ استعمال کیے گئے گدوں کی مکمل قیمت ادا کرنے کا بھی اعلان کیا اور ان کی انسان دوستی اور جرات کی بھرپور ستائش کی۔

عمارت حادثے کے اعزاز یافتگان

عمارت گرنے کے واقعے میں امدادی کارروائیوں کے دوران نمایاں کردار ادا کرنے والوں میں جنوبی ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ضلع پروجیکٹ افسر چندر پرکاش۔ دہلی پولیس کے انسپکٹر رتیش کمار شرما۔ کانسٹیبل منیش کمار جانگڑ۔ وویک شکیا۔ انگد مینا۔ مقامی باشندے کپل گیری۔ ہرجیت کمار اور ڈاکٹر رفیق خان شامل ہیں۔

مالویہ نگر حادثے کے ہیروز

مالویہ نگر آتشزدگی کے دوران امدادی کاموں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں اسرار خان۔ کمل کمار۔ ششی کمار۔ پون کمار۔ راکیش کمار۔ سنجے گوئل۔ شیو کمار۔ گووند۔ کنال۔ محمد اویس۔ محمد افضل۔ محمد انیس۔ عامر خان۔ وسیم راجہ۔ محمد صہیب خان۔ ریاض الدین۔ وسیم خان گوری۔ راجپال۔ انسپکٹر ونئے یادو اور ہیڈ کانسٹیبل دنیش۔ کرتار۔ راجویر اور دیش راج شامل ہیں۔دہلی حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وہ حقیقی ہیروز ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر انسانیت کی خدمت کو ترجیح دی اور مشکل وقت میں دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مالویہ نگر کے ایک ہوٹل میں لگنے والی آگ میں 23 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 30 مئی کوعمارت گرنے کے حادثے میں 6 افراد کی جانیں چلی گئی تھیں۔ دونوں سانحات نے پورے دارالحکومت کو سوگوار کر دیا تھا۔