مودی کی سالگرہ: دہلی کے وزیر اعلیٰ اور وزراء نے خون کا عطیہ کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-09-2025
مودی کی سالگرہ: دہلی کے وزیر اعلیٰ اور وزراء نے خون کا عطیہ کیا
مودی کی سالگرہ: دہلی کے وزیر اعلیٰ اور وزراء نے خون کا عطیہ کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا اور ان کی کابینہ کے ساتھیوں نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر یہاں کَرتویہ پَتھ پر منعقدہ ایک کیمپ میں خون کا عطیہ دیا۔ وزیر اعظم بدھ کو 75 برس کے ہو گئے۔ ان کی سالگرہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی دہلی حکومت خدمت پکھواڑا کے طور پر منا رہی ہے۔
گپتا نے صحافیوں سے کہا کہ ہمارے خون کا ایک ایک قطرہ ملک کے نام وقف ہے۔ ہم وزیر اعظم کے خدمت کے پیغام کی پیروی کرتے ہیں۔ ‘کہنی اور کرنی ایک ہونی چاہیے’ اس کہاوت کو مانتے ہوئے میں نے کیمپ میں خون دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی کے لیے بہت کچھ کیا ہے... دہلی میں پہلی بار لوگ اس پلیٹ فارم سے ‘شکریہ مودی جی’ کہہ رہے ہیں۔ گپتا نے قومی دارالحکومت کو یشوبھومی اور بھارت منڈپم جیسے مقامات اور بہتر سڑک رابطے کی سوغات دینے پر بھی وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔
دہلی کے وزیر صحت پنکج سنگھ نے بھی کیمپ میں خون دیا اور وزیر اعظم کی اچھی صحت اور طویل عمر کی دعا کی۔ ان کے کابینہ ساتھی کپل مشرا نے بتایا کہ دہلی حکومت اس موقع پر کَرتویہ پَتھ پر ایک خون عطیہ کیمپ اور ایک پیدل مارچ کا اہتمام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں، تیاگ راج اسٹیڈیم میں منعقدہ پروگرام میں لوگوں کے لیے کئی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی وزیر اعظم کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔
گپتا اور ان کے وزیروں نے کَرتویہ پَتھ پر ‘سَیوا سنکلپ’ پیدل مارچ میں بھی حصہ لیا۔ پیدل مارچ کے دوران گپتا نے مہاراشٹر کے لوک ناچنے والوں کے ساتھ رقص بھی کیا۔ دہلی حکومت کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے بھی ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔
پیدل مارچ کے دوران ’’وزیر اعظم نریندر مودی زندہ باد‘‘ اور ’’شکریہ مودی جی‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ دہلی کے وزیر داخلہ آشی سود نے کہا کہ مودی ملک کے سب سے مقبول رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں اور ہندوستان کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے دنیا کے رہنما ان سے ملاقات کرتے ہیں۔ ان کے ساتھی پرویش ورما نے کہا کہ عام عوام اور پارٹی کارکن صفائی مہم، خون عطیہ اور ایسے دیگر پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر کوئی اپنے اپنے طریقے سے وزیر اعظم مودی کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دے رہا ہے۔ میں بھی وزیر اعظم مودی کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں اور ان کی اچھی صحت اور طویل عمر کی دعا کرتا ہوں۔ اس سے پہلے، وزیر سرسا اور کپل مشرا نے مرگھٹ والے ہنومان مندر اور گوردوارہ بنگلہ صاحب میں مودی کی طویل عمر کے لیے دعائیں کیں۔ مشرا نے کشمیری گیٹ واقع مندر میں ہنومان چالیسا کا پاٹھ بھی کروایا۔
مشرا نے کہا کہ وزیر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر ہم مرگھٹ والے ہنومان مندر پہنچے ہیں۔ ہم بھگوان ہنومان سے ان (وزیر اعظم مودی کی) لمبی عمر اور حفاظت کی دعا کرتے ہیں۔ سرسا نے کہا کہ میں نے گوردوارہ بنگلہ صاحب میں وزیر اعظم مودی کی طویل عمر کے لیے دعا کی۔ جب سے وہ وزیر اعظم بنے ہیں، ہندوستان کا نام دنیا بھر میں پہچانا جا رہا ہے۔