نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی میں غیر قانونی جھگیوں کو ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ مدراسی کیمپ سمیت کئی علاقوں میں جھگیوں کو منہدم کیے جانے کے بعد اب گووندپوری علاقے کے " جھگی جھونپڑی کیمپ" میں بھی انہدامی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پولیس فورس کی بھاری تعیناتی کے ساتھ بلڈوزر کے ذریعے جھگیوں کو توڑا جا رہا ہے۔ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے پہلے ہی 10 جون تک جگہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ اس انہدام پر عام آدمی پارٹی مسلسل احتجاج کر رہی ہے۔
ڈی ڈی اے کی زمین پر برسوں سے قبضہ کر کے لوگوں نے جھگیاں اور پکے مکانات بنا رکھے تھے، بعض نے تو دو منزلہ عمارتیں بھی کھڑی کر لی تھیں۔ اب ان میں سے تقریباً 300 جھگیوں کو گرایا جائے گا۔
جے سی بی مشینوں کے ساتھ پہنچی ٹیم
کئی نوٹس دینے کے بعد آج اس علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کو گرایا جا رہا ہے۔ موقع پر مقامی انتظامیہ جے سی بی مشینوں اور بجلی محکمے کے عملے کے ساتھ موجود ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ ڈی ڈی اے کی جانب سے پہلے ہی 10 جون تک جگہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ اس کے بعد دوبارہ نوٹس لگا کر انہدام کی وارننگ دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ تین دن (8، 9 اور 10 جون) میں جگہ خالی نہ کی گئی تو ڈی ڈی اے ذمہ دار نہیں ہوگا۔
ڈی ڈی اے کا انہدامی مہم
کیمپ میں زیادہ تر رہائشی مزدور اور مہاجر ہیں۔ اس کیمپ میں پہلے بھی تین بار انہدامی کارروائی ہو چکی ہے، جن میں مئی، جون اور جولائی 2023 شامل ہیں۔ حکام کے مطابق، کیمپ میں رہنے والے صرف 1,862 خاندان ہی اہل قرار پائے ہیں جنہیں اقتصادی طور پر کمزور طبقے کے لیے مختص سرکاری مکانات دیے گئے ہیں۔
ڈی ڈی اے کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کالکا جی ایکسٹینشن میں واقع کیمپ کے تمام رہائشیوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ عدالت کے احکامات کے مطابق غیر قانونی جھگی جھونپڑی کلسٹر کو منہدم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے تین دن کی مہلت دی جا رہی ہے، اس کے بعد انہدامی کارروائی کی جائے گی اور ڈی ڈی اے کسی بھی صورت میں ذمہ دار نہ ہوگا۔