نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی میں ہوئے بم دھماکے کی تفتیش جاری ہے۔ دہلی پولیس کے ساتھ ملک کی کئی دیگر ایجنسیاں بھی اس دھماکے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔ اب تک کی جانچ میں ملک کی مختلف ریاستوں سے کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔ تفتیشی ایجنسیاں، خاص طور پر این آئی اے، اس پورے معاملے کے مختلف پہلوؤں کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہیں۔ انہی تحقیقات کے دوران عدالت نے دہلی دھماکہ کیس میں گرفتار ملزم مزمل، مفتی عرفان، شاہین سعید اور عادل کی ریمانڈ مزید 10 دن کے لیے بڑھا دی ہے۔ یہ تمام مشتبہ افراد این آئی اے کی تحویل میں رہیں گے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ این آئی اے اس معاملے میں اب تک چھ افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ ان میں جموں و کشمیر کے پلوامہ کے رہائشی ڈاکٹر مزمل شکیل گنئی اور اتر پردیش کے لکھنؤ کی رہنے والی ڈاکٹر شاہین سعید بھی شامل ہیں۔ پوچھ گچھ میں ڈاکٹر مزمل اور ڈاکٹر شاہین نے کئی چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔ دونوں نے بتایا کہ پولیس نے ہریانہ کے فرید آباد سے جو دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا، اس کا کچھ حصہ بمبار ڈاکٹر عمر اُن نبی جموں و کشمیر لے جانا چاہتا تھا۔ اس کی وہاں بھی کچھ بڑا کرنے کی منصوبہ بندی تھی۔
ڈاکٹر مزمل کے مطابق ،فرید آباد میں ذخیرہ کیا گیا دھماکہ خیز مواد ہمیں جموں و کشمیر بھی لے جانا تھا۔ عمر وہاں کوئی بڑا حملہ کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔ دونوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عمر، ان کے ساتھ ہی میوات کے نوہ سے یوریا لاتا تھا۔ دونوں کے مطابق عمر یوریا سے دھماکہ خیز مواد بنانے کے تجربات الفلاح یونیورسٹی کے اپنے کمرہ نمبر 4 میں کیا کرتا تھا۔
دھماکہ خیز مادہ کیسے بنایا گیا
تحقیقات کے مطابق لال قلعہ دھماکے میں ہاٖف پریپیرڈ آئی ای ڈی ٹائمر میکانزم ڈیوائس استعمال کی گئی تھی۔ اسے تیار کرنے میں ایسیٹون یعنی نیل پالش ریموور کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔ اس میں پسی ہوئی چینی بھی ملائی گئی تھی۔ ایجنسیاں یہ بھی پتہ لگا چکی ہیں کہ بمبار ڈاکٹر عمر اُن نبی نے ملک میں اب تک کے سب سے بڑے دہشت گردانہ حملے کی سازش تیار کی تھی۔ جولائی 2023 میں میوات کے نوہ میں ہوئی فرقہ وارانہ جھڑپ اور مارچ 2023 میں بھوانی ی میں ناصر–جنید قتل کیس نے ا سے اس سازش کو انجام دینے کے لیے اُکسایا۔
پوچھ گچھ کے دوران ڈاکٹر مزمل اور ڈاکٹر شاہین نے مزید سنسنی خیز انکشافات بھی کیے۔ ان دونوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمر خود کو "امیر" یا "عامر" کہلانا پسند کرتا تھا۔ "امیر" کا مطلب ہوتا ہے: کوئی سردار، راجکمار یا حکمران۔
دونوں نے بتایا کہ عمر خود کو ایک حکمران اور راجکمار سمجھتا تھا۔ وہ حملوں کو "دین" کی جنگ سمجھ کر پیش کرتا تھا۔عمر اپنے سے زیادہ پڑھے لکھے اور قابل کسی شخص کو نہیں مانتا تھا۔ عمر نو سے زیادہ زبانوں پر عبور رکھتا تھا جن میں اردو، انگریزی، عربی، فارسی، چینی (مینڈرین)، فرانسیسی اور دیگر زبانیں شامل ہیں۔