نئی دہلی/ آواز دی وائس
این آئی اے نے دہلی دھماکہ کیس کی تحقیقات میں تیزی لا دی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ ہریانہ کے فرید آباد سے جس ڈاکٹر مزمل شکیل کے دو ٹھکانوں سے 2900 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا، اس کے فون کی جانچ سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان کا منصوبہ 26 جنوری اور دیوالی کے موقع پر لال قلعہ میں دھماکہ کرنے کا تھا۔
پوچھ گچھ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ڈاکٹر مزمل اور ڈاکٹر عمر نے لال قلعہ کی ریکی (جاسوسی و سروے) کی تھی۔ گزشتہ جنوری کے پہلے ہفتے میں بھی لال قلعہ کے آس پاس کا جائزہ لیا گیا تھا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹر عمر وہی مشتبہ شخص ہے جس کے بارے میں مانا جا رہا ہے کہ اسی نے ہنڈائی i20 کار میں دھماکہ خیز مواد رکھ کر لال قلعہ کے قریب دھماکہ کیا تھا، جس میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
موصولہ معلومات کے مطابق، ڈاکٹر مزمل کے فون کے ڈمپ ڈیٹا سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 26 جنوری اور دیوالی پر دھماکے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ تحقیقاتی ایجنسی کی پوچھ گچھ میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ان دونوں اہم دنوں پر لال قلعہ کو نشانہ بنانا ان کے منصوبے کا حصہ تھا۔ ان کا ارادہ ایسے موقع کا انتخاب کرنے کا تھا جب وہاں سب سے زیادہ بھیڑ موجود ہو، لیکن وہ اپنے اس منصوبے کو عملی جامہ نہ پہنا سکے۔
میوات سے مولوی گرفتار، مزمل کو کرائے پر دیا تھا کمرہ
دہلی دھماکے کے تار صرف فرید آباد سے نہیں بلکہ ہریانہ کے میوات سے بھی جڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہاں سے مولوی اشتاق کو حراست میں لیا گیا ہے اور اسے جموں و کشمیر منتقل کیا گیا ہے۔ اس سے این آئی اے اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، مولوی اشتاق نے ڈاکٹر مزمل کو اپنا کمرہ کرائے پر دیا تھا۔
فرید آباد کے فتح پور ٹگا گاؤں میں واقع اس کمرے سے 2500 کلوگرام سے زیادہ دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔ مزمل نے دو کمرے کرائے پر لیے تھے، جن سے مجموعی طور پر 2900 کلوگرام سے زیادہ دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ اب تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے مولوی سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے۔