کانپور/ آواز دی وائس
اتر پردیش کی انسدادِ دہشت گردی دستہ ( اے ٹی ایس) نے حال ہی میں دہلی میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے سلسلے میں کانپور سے ایک دل کے امراض کی تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹر کو حراست میں لے لیا ہے۔ حکام نے جمعرات کو اس کی تصدیق کی۔
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ڈاکٹر کی شناخت 32 سالہ ڈاکٹر محمد عارف کے طور پر ہوئی ہے، جو راجکیہ گنیش شنکر وِدیارتھی میموریل میڈیکل کالج میں ڈی ایم (کارڈیالوجی) کے پہلے سال کے طالب علم ہیں۔ انہیں ایک نامعلوم مقام سے حراست میں لیا گیا۔ بعد ازاں، اے ٹی ایس کی ایک ٹیم نے نذیرآباد کے اشوک نگر میں ان کے کرائے کے مکان کی تلاشی لی اور فارنسک جانچ کے لیے ان کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ ضبط کر لیا۔ اس کے بعد انہیں پوچھ گچھ کے لیے دہلی منتقل کیا گیا۔
افسر نے مزید بتایا کہ انہیں دہلی دھماکہ معاملے میں پہلے سے گرفتار ملزمان کے سامنے بٹھایا جا سکتا ہے۔ جموں و کشمیر کے اننت ناگ کے رہائشی ڈاکٹر عارف کا نام اس وقت سامنے آیا جب جی ایس وی ایم کی سابق پروفیسر ڈاکٹر شاہین سعید، جنہیں اسی معاملے میں پہلے گرفتار کیا گیا تھا، سے ہوئی تفتیش کے دوران ان کا ذکر سامنے آیا۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ عارف، ڈاکٹر شاہین اور ان کے بھائی ڈاکٹر پرویز کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں تھا۔ دونوں سے گہری تفتیش کی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق، لال قلعہ کے قریب دہلی میں ہونے والے دھماکے کے دن، عارف مبینہ طور پر ڈاکٹر شاہین کے نیٹ ورک سے جڑے افراد سے ٹیلیفونک رابطے میں تھا۔ اس نے حال ہی میں جموں و کشمیر کا بھی دورہ کیا، جس سے شک مزید گہرا ہو گیا۔ جب اے ٹی ایس کے اہلکار اس کے گھر پہنچے تو اس نے مبینہ طور پر اپنے فون کا ڈیٹا ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی، مگر افسران نے بروقت ڈیوائس ضبط کر لی۔
اس کے کال ریکارڈ اور چَیٹ کے ابتدائی تجزیے سے یہ اشارے ملے ہیں کہ وہ اس واقعے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ اور دیگر ملزمان کے ساتھ رابطے میں تھا۔ تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ گروپ نے ڈرافٹ پیغامات کے تبادلے کے لیے ایک مشترکہ ای میل آئی ڈی استعمال کی، جیسا کہ اکثر دہشت گرد تنظیمیں الیکٹرانک نگرانی سے بچنے کے لیے کرتی ہیں۔ اس واقعے کے بعد جی ایس وی ایم میڈیکل کالج کے ڈاکٹروں اور طلبہ میں، خاص طور پر کارڈیالوجی شعبہ میں، بے چینی پھیل گئی ہے، جہاں ڈاکٹر عارف نے تین ماہ قبل آل انڈیا کونسلنگ کے ذریعے داخلہ لیا تھا۔
اس کی تصدیق کرتے ہوئے کارڈیالوجی کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گیانندر نے کہا کہ ڈاکٹر عارف نے تین ماہ قبل آل انڈیا کونسلنگ کے ذریعے یہاں داخلہ لیا تھا۔ وہ کل دوپہر ڈیوٹی پر تھے اور بعد میں کیمپس سے باہر اپنے گھر چلے گئے۔ شام تقریباً 7 بجے ہمیں بتایا گیا کہ ایک ٹیم انہیں پوچھ گچھ کے لیے لے گئی ہے۔ وہ کشمیر سے تھے، کیمپس کے باہر رہتے تھے، آتے، خاموشی سے کام کرتے اور واپس چلے جاتے تھے۔
ڈاکٹر گیانندر نے مزید کہا کہ احتیاطی طور پر کارڈیالوجی کے پہلے، دوسرے اور تیسرے سال کے تمام طلبہ کی اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔ عارف کے مکان مالک کنہیا لال نے بتایا کہ ڈاکٹر تقریباً ایک ماہ سے ان کے گھر کی دوسری منزل پر ڈاکٹر ابھیشیک کے ساتھ کرائے پر رہ رہے تھے۔
کنہیا لال نے صحافیوں کو بتایا کہ شام تقریباً ساڑھے سات بجے، چار افراد پر مشتمل ایک ٹیم سیدھے اس کے کمرے میں آئی۔ ان کے پاس پہلے سے چابیاں تھیں، انہوں نے پورے کمرے کی تلاشی لی، اسے دوبارہ بند کیا اور خاموشی سے چلے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عارف نے کمرہ کرائے پر لینے سے پہلے اپنی شناختی دستاویز جمع کرائی تھی اور کبھی کوئی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی مہمان نہیں دیکھا گیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈاکٹر عارف کو کانپور سے حراست میں لیا گیا اور بعد میں مزید پوچھ گچھ کے لیے مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے حوالے کر دیا گیا۔ کانپور پولیس کمشنر رگھوبیر لال نے پی ٹی آئی-بھاشا کو بتایا کہ انہیں حراست کی اطلاع ملی ہے اور انہوں نے رپورٹ کی تصدیق کے لیے ایک ٹیم بھیجی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم حقائق کی جانچ کر رہے ہیں۔ تصدیق کے بعد ہی میں کوئی تبصرہ کروں گا۔ اگرچہ انہوں نے حراست کی نہ تو تصدیق کی اور نہ ہی تردید۔ اس دوران، اے ٹی ایس اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیمیں ڈاکٹر شاہین کے نیٹ ورک سے جڑے ممکنہ روابط کا پتہ لگانے کے لیے کانپور میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکام نے اشارہ دیا ہے کہ تحقیقات آگے بڑھنے پر مزید نام سامنے آ سکتے ہیں۔