دہلی اسمبلی میں سیکیورٹی میں چوک : نقاب پوش کار کے ساتھ داخل ہوا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-04-2026
دہلی اسمبلی میں سیکیورٹی میں چوک : نقاب پوش کار کے ساتھ داخل ہوا
دہلی اسمبلی میں سیکیورٹی میں چوک : نقاب پوش کار کے ساتھ داخل ہوا

 



نئی دہلی:دہلی اسمبلی کی سیکیورٹی میں پیر دوپہر اُس وقت رخنہ پڑا جب ایک نقاب پوش شخص ایس یو وی کار کے ساتھ زبردستی اسمبلی کے احاطے میں داخل ہو گیا اور اسمبلی صدر کے دفتر کے باہر ایک گلدستہ رکھ کر اُسی راستے سے واپس نکل گیا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بم ناکارہ کرنے والے دستے سمیت کئی پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کسی بھی خطرے کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی گہری جانچ کی۔

انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ گاڑی جس پر اتر پردیش کا نمبر تھا، تقریباً دو بجے گیٹ نمبر دو سے اسمبلی احاطے میں داخل ہوئی۔ ذرائع کے مطابق چونکہ یہ مرکزی دروازہ نہیں تھا، اس لیے اسمبلی اجلاس نہ ہونے کی صورت میں اس دروازے کے ارد گرد سیکیورٹی نسبتاً کم تھی۔

دہلی سکریٹریٹ کے ایک افسر نے بتایا، "کار کا ڈرائیور اسمبلی کے صدر وجےندر گپتا کے دفتر کی طرف گیا اور وہاں ڈیوڑھی (پورچ) کے قریب گلدستہ رکھ کر واپس چلا گیا۔" انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے سیکیورٹی کے حوالے سے سنگین تشویشیں پیدا کی ہیں اور حکام اسے سیکیورٹی کی چوک مان رہے ہیں۔ وی آئی پی سیکیورٹی کی نگرانی کرنے والے پولیس کمشنر رویندر یادو واقعے کے فوراً بعد موقع پر پہنچے۔

پولیس حکام نے کہا کہ وہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کو کھنگال رہے ہیں اور تمام معلومات کی تصدیق کر رہے ہیں، جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ایک افسر نے کہا، "کئی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ ہم سی سی ٹی وی فوٹیجز دیکھ رہے ہیں۔" اس واقعے سے قبل حال ہی میں ختم ہونے والے بجٹ سیشن کے دوران اسمبلی کو بم سے اُڑانے کی دھمکیاں ملی تھیں۔ یادو نے دیگر سینئر حکام کے ساتھ مل کر احاطے کے اندر اور باہر کے کئی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا۔

گاڑی کا پتہ لگانے اور اس پر سوار افراد کو پکڑنے کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مشتبہ گاڑی کی معلومات کے ساتھ ساتھ قریبی ریاستوں کی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، فورینزک ماہرین بھی موقع پر پہنچے اور انہوں نے اسمبلی کے احاطے میں رکھا گیا گلدستہ چیک کرنا شروع کر دیا۔ بم ناکارہ کرنے والے دستے اور کینین یونٹ نے کسی ممکنہ دھماکے کے خطرے کو ٹالنے کے لیے گہری جانچ کی، جبکہ تفتیش کار موقع سے ثبوت اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں۔