نئی دہلی: دہلی ہوائی اڈے پر 15 اگست کو مقررہ وقت میں اُن پروازوں کو اترنے یا اُڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو پہلے سے طے شدہ نہ ہوں۔ ایک افسر نے بدھ کو بتایا کہ یہ پابندیاں یومِ آزادی پر صبح 6 بجے سے 10 بجے تک اور شام 4 بجے سے 7 بجے تک نافذ رہیں گی۔
یہ پابندیاں ایئرلائنز کی غیر طے شدہ پروازوں کے ساتھ ساتھ خصوصی پروازوں پر بھی لاگو ہوں گی۔ افسر نے بتایا کہ پہلے سے طے شدہ پروازوں کی آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہندوستانی ہوائی اڈہ اتھارٹی (AAI) کے تحت آنے والی ایئروناؤٹیکل انفارمیشن سروس (AIS) کی جانب سے ایک نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) جاری کیا گیا ہے۔ نوٹم عام طور پر وہ اطلاع ہوتی ہے جس میں پرواز کے آپریشن میں شامل عملے کے لیے ضروری معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
مقررہ وقت کے دوران غیر طے شدہ طیاروں کو ہوائی اڈے پر اترنے یا اڑان بھرنے کی اجازت نہیں ہوگی، لیکن طے شدہ پروازوں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی فضائیہ، بارڈر سکیورٹی فورس (BSF) اور فوج کے زیرِانتظام طیاروں پر نوٹم کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
افسر نے بتایا کہ گورنر یا وزیراعلیٰ کو لے جانے والے سرکاری طیارے اور ہیلی کاپٹر، نیز ایمرجنسی ریسکیو مشن اور حادثے/فوری طبی انخلا کے طیاروں کو بھی ان پابندیوں سے استثنا دیا گیا ہے۔ قومی دارالحکومت میں واقع اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (IGIA) ملک کا سب سے مصروف ہوائی اڈہ ہے، جہاں سے روزانہ تقریباً 1,300 پروازوں کا آمد و رفت ہوتا ہے۔