نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی میں مجرموں کے حوصلے کس قدر بلند ہیں، اس کا اندازہ اس واقعے سے لگایا جا سکتا ہے کہ صبح کی سیر کے دوران ایک کانگریس رکنِ پارلیمان کی چین چھین لی گئی۔ تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والی کانگریس ایم پی آر. سدھا نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح 6 بجے یہ واقعہ تمل ناڈو بھون سے تقریباً 500-600 میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ میں چلّائی لیکن اس نے میری چین چھین لی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اسپیکر کو شکایت دی ہے، پولیس کو بھی شکایت دی ہے جسے قبول کر لیا گیا ہے، اور میں نے وزارتِ داخلہ کو بھی شکایت بھیج دی ہے۔
کانگریس ممبر پارلیمان نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی ساتھی ایم پی، ڈی ایم کے کی رجتی کے ساتھ پولینڈ کے سفارت خانے کے قریب سیر کر رہی تھیں۔ انہوں نے دہلی میں قانون و نظم و نسق کی نگرانی کرنے والے مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کو بھی ایک خط لکھا ہے اور بتایا کہ ایک شخص ہیلمٹ پہنے اسکوٹر پر سوار آیا اور ان کی چین چھین کر فرار ہو گیا۔ چور مخالف سمت سے آ رہا تھا اور جیسے ہی وہ قریب پہنچا، ان کی سونے کی چین چھین کر بھاگ نکلا۔
کانگریس ایم پی نے اس واقعے کے بارے میں مزید بتایا کہ چونکہ وہ آہستہ آ رہا تھا اور مخالف سمت سے تھا، اس لیے انہیں شبہ نہیں ہوا کہ وہ چین چھیننے والا ہو سکتا ہے۔ لیکن جیسے ہی اس نے ان کی گردن سے چین کھینچی، ان کی گردن پر چوٹیں آئیں۔ تاہم، وہ گرنے سے بچ گئیں اور دونوں نے مل کر مدد کے لیے چلّایا۔