حیدرآباد:مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبۂ اسلامک اسٹڈیز میں 6 مئی 2026 کو ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد کے ایک معزز وفد نے دورہ کیا اور اساتذہ طلبہ اور ریسرچ اسکالرز کے ساتھ ایک بامقصد تعاملی نشست میں شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز شعبۂ اسلامک اسٹڈیز کے صدر پروفیسر محمد حبیب کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے اپنے فکر انگیز خیالات کے ذریعے اس نشست کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد اسسٹنٹ پروفیسر محترمہ ذیشان سارہ نے “اسلام اور جینڈر” کے موضوع پر ایک جامع اور فکر انگیز خطاب پیش کیا۔
وفد کے رکن ڈاکٹر پاؤسانگ نے ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ کا تعارف پیش کیا اور اس کے علمی و تحقیقی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اسی ادارے سے پروفیسر وکٹر ایڈون نے بھی ایک مؤثر اور علمی خطاب کیا جسے حاضرین نے دلچسپی سے سنا۔
اس موقع پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبۂ تاریخ کے صدر پروفیسر رفیع اللہ عظمیٰ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پروگرام کی افادیت اور اہمیت کو اجاگر کیا۔
ریسرچ اسکالر محمد مدثر نے نظامت کے فرائض انجام دیے جبکہ محمد سلمان دانش نے اظہار تشکر پیش کیا۔
پروگرام کے دوران وفد کے اراکین کی جانب سے مختلف سوالات کیے گئے جن کے تسلی بخش اور مدلل جوابات دیے گئے۔ اس سے نشست مزید بامعنی اور مفید بن گئی۔ شعبے کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے قیمتی خیالات پیش کیے۔