دہرادون / آواز دی وائس
دہرادون (اتراکھنڈ) میں منگل، 10 جون 2025 کو منعقد ایک پروگرام میں ہندوستان کے وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے شرکت کی اور پاکستان پر کھل کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں دہشتگردوں نے مذہب پوچھ کر مارا، لیکن ہم نے مذہب نہیں بلکہ کردار دیکھ کر مارا۔
دہشتگردی کے خلاف کارروائی پر انہوں نے کہا کہ جیش محمد کے ہیڈکوارٹر پر پہلی بار کسی نے حملہ کیا تو وہ ہم تھے۔ دہشتگردی کے خلاف سب سے بڑا حملہ ہم نے کیا ہے۔ جب مودی حکومت کی کوششوں سے جموں و کشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، تو یہ بات ہمارے پڑوسی ملک کو راس نہیں آئی۔
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اب صرف حکومتوں کی سطح پر ہی نہیں بلکہ عوام کو بھی چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ دہشتگردی جمہوریت کے لیے ایک خطرہ ہے، یہ ایک بگڑی ہوئی ذہنیت ہے اور ترقی کے راستے میں رکاوٹ ہے۔ دہشتگردی کو اس کی موت مرنے کے لیے نہیں چھوڑا جا سکتا، اس کا مستقل حل ضروری ہے۔ دہشتگردی کی کوکھ سے انقلاب نہیں بلکہ صرف تباہی جنم لیتی ہے۔
پاکستان کو دہشتگردی کا باپ کہا جاتا ہے
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان ایک ہی وقت میں آزاد ہوئے، لیکن آج ہندوستان کو ’’جمہوریت کی ماں‘‘ کہا جاتا ہے اور پاکستان کو ’’دہشتگردی کا باپ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ملنے والی مالی امداد کا بڑا حصہ دہشتگردی کی نرسری میں جاتا ہے۔
اقوام متحدہ پر سوالات
انہوں نے اقوام متحدہ کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو انسداد دہشتگردی کمیٹی کا نائب صدر بنایا گیا ہے، جو کہ بدقسمتی کی بات ہے۔ عالمی برادری کو اس پر غور کرنا چاہیے، کیونکہ یہ وہی ملک ہے جہاں حافظ سعید جیسے لوگ زہر اگلتے ہیں اور دہشتگردی میں ملوث ہوتے ہیں۔ یہ دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ کا مذاق اڑانا ہے۔
سرحد کے اِس پار یا اُس پار، ہم لڑنے کے لیے تیار ہیں
راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ اگر آپ دہشتگردی کے خلاف لڑنے میں ناکام ہیں، تو ہم مدد کے لیے تیار ہیں۔ ہم سرحد کے اِس پار اور اُس پار دونوں جانب کارروائی کے قابل ہیں۔ ہم نے دہشتگردی کے خلاف نئی حکمت عملی بنائی ہے اور ہمارا دفاعی بجٹ آئندہ بھی بڑھایا جائے گا۔