نئی دہلی: مغربی بنگال میں بی جے پی کی شاندار کارکردگی پر وزیر داخلہ امت شاہ نے ردِعمل دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے خوشامدی (تُشتی کرن ) سیاست کرنے والوں کے بارے میں بھی اپنی بات رکھی ہے۔ 4 مئی کو آنے والے انتخابی نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بنگال کے لوگوں نے دراندازوں اور ان کے حمایتیوں کو ایسا سبق سکھایا ہے جسے خوشامدی سیاست کرنے والی پارٹیاں کبھی نہیں بھول پائیں گی۔ بنگال نے جن امیدوں اور امنگوں کے ساتھ مودی جی کی قیادت پر یہ اعتماد ظاہر کیا ہے، ہم یقیناً انہیں پورا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیتنیہ مہاپربھو، سوامی وویکانند، گرو دیو ٹیگور، نیتا جی سبھاش چندر بوس اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی جیسے عظیم شخصیات کی مقدس سرزمین بنگال کا کھویا ہوا وقار واپس لانے اور “سونار بنگلا” کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے بی جے پی دن رات محنت کرے گی۔ شاہ نے کہا کہ بنگال میں بی جے پی کو ملی یہ تاریخی جیت ہمارے بے شمار کارکنوں کی قربانی، جدوجہد اور ایثار کا نتیجہ ہے۔ یہ ان خاندانوں کے صبر کی جیت ہے جنہوں نے تشدد سہہ کر بھی زعفرانی پرچم نہیں چھوڑا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی صفر سے آج زبردست اکثریت تک پہنچنے کی اس مشکل سفر میں جن کارکنوں نے اپنی جانیں قربان کیں، تشدد جھیلا، اذیتیں برداشت کیں اور پھر بھی نظریے کے راستے سے نہیں ہٹے، ان سب کارکنوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ بنگال کی عوام نے اس بھاری اکثریت کے ذریعے بی جے پی کے ان تمام شہید کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔