ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: فائنل میں پہنچیں دیپتی جیونجی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-09-2025
ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ:  فائنل میں پہنچیں دیپتی جیونجی
ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: فائنل میں پہنچیں دیپتی جیونجی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 کی شروعات میزبان ہندوستان کے لیے شاندار رہی، جب ہندوستانی پیرا ایتھلیٹ دیپتی جیون جی نے خواتین کی 400 میٹر ٹی-20 ایونٹ میں پہلا مقام حاصل کرتے ہوئے میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ تلنگانہ میں پیدا ہونے والی 22 سالہ ایتھلیٹ نے خواتین کی 400 میٹر ٹی-20 کے پہلے راؤنڈ کی دوسری ہیٹ میں پہلا مقام حاصل کیا۔ ہندوستانی پیرا لمپک کمیٹی  کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے 58.35 سیکنڈ کا وقت لیا، جو اس سیزن میں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔
ہیٹ 1 میں وینیزویلا کی لیونیلہ کرونا موتو ویرا کولینا نے 57.10 سیکنڈ کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا۔ یہ بھی ان کی سیزن کی بہترین کارکردگی رہی۔ موجودہ عالمی ریکارڈ ہولڈر ترکی کی آیسل اوندر ہیٹ 1 میں دوسرے نمبر پر رہیں اور میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔ انہوں نے اپنی دوڑ 57.88 سیکنڈ میں مکمل کی، جو پیرس پیرا لمپکس 2024 میں بنائے گئے 54.96 سیکنڈ کے اپنے ہی عالمی ریکارڈ سے کم رہی۔
یوکرین کی یولیا شُلیار (58.01 سیکنڈ) ہیٹ 1 میں تیسرے نمبر پر رہیں، جبکہ ڈومینیکن ری پبلک کی ڈیانا ویوینس (59.41 سیکنڈ) اور آسٹریلیا کی ٹیلیا بلیک اسمتھ (1:00.10 سیکنڈ) بالترتیب دوسری ہیٹ میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔
اہلیت کے ضابطے کے مطابق ہر ہیٹ سے پہلے تین کھلاڑی میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گے۔ اس کے علاوہ اگلے دو سب سے تیز کھلاڑی بھی فائنل تک پہنچیں گے۔ اس بنیاد پر ایکواڈور کی مایرلی منڈا (58.98 سیکنڈ) اور پرتگال کی کیرینا پیم (59.61 سیکنڈ) بھی فائنل میں کوالیفائی کرنے والوں کے ساتھ میڈل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔
۔27 ستمبر سے 5 اکتوبر تک نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں 104 ممالک کے 2200 سے زیادہ پیرا ایتھلیٹ شرکت کر رہے ہیں۔ 186 میڈل ایونٹس پر مشتمل یہ ہندوستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیرا ایتھلیٹکس میٹ ہے اور لاس اینجلس 2028 پیرا لمپکس کے لیے ایک اہم کوالیفائر بھی ہے، جو رسائی اور کھیلوں میں اعلیٰ معیار کے تئیں ہندوستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔