ناسک میں پیاز کی قیمتوں میں کمی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-05-2026
ناسک میں پیاز کی قیمتوں میں کمی
ناسک میں پیاز کی قیمتوں میں کمی

 



نئی دہلی
پیاز کی قیمتوں میں بھاری گراوٹ کے درمیان کسانوں کی ایک تنظیم نے مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں نندگاؤں زرعی پیداوار منڈی کمیٹی کو فوری طور پر تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا کہ یہ کمیٹی پیاز کی نیلامی کرانے میں ناکام رہی ہے۔
پیر کے روز کسانوں نے نندگاؤں زرعی منڈی کمیٹی کے احاطے کے باہر ٹریکٹر بھر پیاز پھینک کر انتظامیہ اور تاجروں کے خلاف نعرے بازی کی۔کسانوں کا الزام ہے کہ ناسک ضلع کی کئی منڈیوں میں تھوک پیاز کی قیمتیں بری طرح گر گئی ہیں، جس کے باعث پیداوار کرنے والوں کو لاگت اور نقل و حمل کا خرچ بھی نہیں مل پا رہا۔
تاجروں اور کسان تنظیموں کے مطابق اوسط درجے کا پیاز اس وقت کئی زرعی منڈیوں میں 800 سے 1,000 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، جبکہ بعض اقسام کی قیمت ایک سے چار روپے فی کلوگرام تک گر گئی ہے۔
مہاراشٹر ریاستی پیاز پیداوار کنندگان اتحاد نے منگل کو جاری بیان میں الزام لگایا کہ بازار کمیٹی “غیر فعال” ہو چکی ہے اور مشکل وقت میں قیادت نے اپنی ذمہ داری چھوڑ دی ہے۔اتحاد نے کہا کہ نندگاؤں بازار کمیٹی اس وقت صرف کاغذوں میں موجود ہے۔ انتظامی نگرانی نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور چیئرمین کا بھی کوئی پتہ نہیں۔ صورتِ حال مکمل طور پر بے ترتیبی کا شکار ہو چکی ہے، جہاں حکام نے کسانوں کی مشکلات سے منہ موڑ لیا ہے۔
پیاز پیداوار کنندگان اتحاد نے کہا کہ زرعی پیداوار کی نیلامی کرانے میں کمیٹی کی ناکامی اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کا بورڈ اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا ہے۔
اتحاد نے مطالبہ کی کہ اگر کمیٹی کسانوں کی پیداوار کی نیلامی کرانے کے قابل نہیں ہے تو پورے مجلسِ انتظامیہ کو نااہل قرار دے کر ادارے کو تحلیل کر دیا جانا چاہیے۔ حکومت فوری طور پر منتظم مقرر کرے اور لاپرواہ افسران و ملازمین کو معطل کرے۔