مکل رائے کی رکنیت پر جلد فیصلہ کریں:سپریم کورٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-11-2021
مکل رائے کی رکنیت پر جلد فیصلہ کریں:سپریم کورٹ
مکل رائے کی رکنیت پر جلد فیصلہ کریں:سپریم کورٹ

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

سپریم کورٹ نے پیر کو مغربی بنگال اسمبلی کے اسپیکر سے کہا کہ وہ مکل رائے کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کے مطالبے کے معاملے پر سماعت میں تیزی لاتے ہوئےجلد فیصلہ کریں۔

جسٹس ایل. ناگیشور راؤ اور جسٹس بی وی ناگرتنا کی بنچ نے سماعت کے دوران اسپیکر سے کہا کہ انہیں اگلے سال جنوری کے تیسرے ہفتے تک اپنا فیصلہ دے دینا چاہیے۔

کلکتہ ہائی کورٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کےایم ایل اے امبیکا رائے کی درخواست پرمغربی بنگال اسمبلی کے اسپیکر کو 7 اکتوبر تک اپنا فیصلہ سنانے کا کہاتھا۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

امبیکا رائے نے مکل رائے کے پارٹی بدل کر ممتابنرجی کی قیادت میں اقتدارمیں واپس آئی ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کے بعد انہیں ریاست کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنائے جانے کے بعد اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قراردینے کی درخواست اسمبلی اسپیکر سے کی تھی۔

اس معاملےمیں اسمبلی اسپیکرکے ذریعہ فیصلہ کرنے میں تاخیر کو بنیادبناتے ہوئے بی جے پی ایم ایل اے نے ہائی کورٹ کارخ کیاتھا۔

مکل رائےترنمول کانگریس سے 2017 میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ اس سال اسمبلی انتخاب بی جے پی کے ٹکٹ پرجیتنے کے بعد وہ دوبارہ ترنمول کانگریس میں واپس آگئے تھے۔

بی جے پی کا الزام ہے کہ ان کی واپسی کا صلہ دیتے ہوئے انہیں 9 جولائی کو پی اے سی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔

ان کی تقرری کو چیلنج کرنے والے بی جے پی ایم ایل اے نے پی اے سی کا عہدہ اپوزیشن کے ایم ایل اے کو دینے کا قانونی التزام بتایا تھا اورکہاتھا مکل رائے اب اپوزیشن میں نہیں ہیں۔

اس لئے مکل رائے کی چیئرمین کے عہدے پر تقرری غیرآئینی ہے اس لئے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔