پبلک سیفٹی ایکٹ کے غلط استعمال پر بحث ہو: محبوبہ مفتی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 24-09-2025
پبلک سیفٹی ایکٹ کے غلط استعمال پر بحث ہو: محبوبہ مفتی
پبلک سیفٹی ایکٹ کے غلط استعمال پر بحث ہو: محبوبہ مفتی

 



سرینگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز کہا کہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے مبینہ غلط استعمال، سیاحت کو پہنچے دھچکے اور مرکز کے زیر انتظام خطے کی باغبانی کی صنعت کے زوال پر بحث ہونی چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ وہ اہم شاہراہ جو اس ماہ کے آغاز سے بند ہے، ابھی تک بحال کیوں نہیں کی گئی۔ محبوبہ مفتی نے کہا: "اسمبلی کو شاہراہ کی بندش سے باغبانی کے شعبے کو پہنچے نقصانات پر بات کرنی چاہیے۔ عمر عبداللہ نے شاہراہ بند ہونے کے 20 دن بعد نیتن گڈکری کو فون کیا۔ یہ فون پہلے کیوں نہیں کیا گیا؟ کسانوں کے نقصان کا ذمہ دار کون ہے؟

کیا ان کے لیے کوئی معاوضہ پیکیج دیا جائے گا؟ کیا کسانوں کے قرض معاف ہوں گے؟ یہ سب باتیں اسمبلی میں ہونی چاہییں۔" سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر نے کہا کہ 22 اپریل کو پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد سے سیاحت مسلسل زوال پذیر ہے اور ان لوگوں میں مایوسی بڑھ گئی ہے جن کی روزی روٹی کا دارومدار سیاحت پر ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگرچہ پبلک سیفٹی ایکٹ کو منسوخ کرنا عمر عبداللہ حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے، لیکن آئندہ اجلاس میں اس پر تفصیلی بحث ضرور کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا: "اگر ایک ایم ایل اے (مہراج ملک) کو غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے پر پی ایس اے کے تحت بک کیا جا سکتا ہے تو عام لوگوں پر لگنے والے الزامات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔"

محبوبہ مفتی نے مطالبہ کیا کہ عمر عبداللہ حکومت کو ان غریب قیدیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنی چاہیے جو اپنی نظربندی کے خلاف عدالت میں جانے کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا: "عمر صاحب نے مہراج ملک کو پی ایس اے کے خلاف مقدمہ لڑنے کے لیے قانونی مدد دینے کی پیشکش کی تھی۔ مہراج ملک کو اس مدد کی ضرورت نہیں، لیکن عمر عبداللہ کو یہ سہولت جموں و کشمیر کے غریب قیدیوں تک پہنچانی چاہیے۔"

اپوزیشن رہنما نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ کو قید میں موجود علیحدگی پسند رہنما محمد یاسین ملک کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے وضاحت کی: "میں یہ نہیں کہہ رہی کہ وہ یاسین ملک کا مقدمہ لڑیں، لیکن اس شخص نے 1994 سے ہی رہنماؤں اور سرکاری عہدیداروں کی یقین دہانی پر تشدد ترک کیا تھا۔ وہ وزرائے اعظم سے ملے، پاکستان گئے اور آئی بی (انٹلیجنس بیورو) کی ہدایت پر حافظ سعید سے بھی ملے۔

یہ معاملہ یاسین ملک کا نہیں بلکہ حکومت اور عہدیداروں کے دیے گئے وعدے کا ہے۔ اگر ہم اپنے وعدے کا احترام نہیں کریں گے تو یہ جموں و کشمیر کے لیے اچھا نہیں، ملک کے لیے بھی اچھا نہیں اور بین الاقوامی سطح پر بھی نقصان دہ ہے۔" محبوبہ مفتی نے کہا کہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور سابق را کے سربراہ اے ایس دلت کو دہلی ہائی کورٹ میں یاسین ملک کے 85 صفحات پر مشتمل حلف نامے میں کیے گئے دعووں پر بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا: خوش قسمتی سے دو لوگ اب بھی زندہ ہیں جو یاسین ملک کے بارے میں جانتے ہیں۔ اجیت دوول اور دلت کی اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سامنے آئیں۔ آپ نے ایک عسکریت پسند رہنما کو تشدد ترک کرنے اور گاندھیائی راستہ اپنانے پر آمادہ کیا تھا۔ اب آپ اس کا پرانا ماضی اس کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، یہ درست نہیں ہے۔