نئی دہلی: اندور کے ایم وائی اسپتال میں نومولود بچوں کو چوہوں کے کاٹنے کا معاملہ سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کمیشن کی ہدایت کے بعد اب کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے اس مسئلے پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل نے یہاں تک کہا کہ جب آپ نومولود بچوں کی حفاظت تک نہیں کر سکتے تو آپ کو حکومت چلانے کا کیا حق ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اندور کے مہاراجہ یشونتراؤ اسپتال میں منگل کو ایک نومولود اور بدھ کو دوسرے نومولود کی موت ہو گئی تھی۔ وجہ یہ تھی کہ چوہوں نے ان بچوں کو کاٹ لیا تھا۔ حالانکہ ڈاکٹر اب بھی معاملے کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کی حالت پہلے سے ہی خراب تھی، ان کا وزن کم تھا اور ان کی سرجری بھی کی گئی تھی۔
بدھ کی دیر رات اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ مکیش جیسوال اور نرسنگ انچارج پروینا سنگھ کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ شعبہ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر برجیش لاہوٹی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ادھر معاملہ سامنے آنے کے بعد کانگریس مسلسل حکومت پر حملہ آور ہے۔ اب لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے فیس بک پر اس بارے میں سخت ردعمل دیا ہے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے لکھا کہ اندور میں مدھیہ پردیش کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں دو نومولود بچوں کی چوہوں کے کاٹنے سے موت – یہ کوئی حادثہ نہیں، بلکہ سیدھی سیدھی قتل ہے۔ یہ واقعہ اتنا ہولناک، غیر انسانی اور بے حس ہے کہ سن کر ہی روح کانپ جائے۔ ایک ماں کی گود سے اس کا بچہ چھن گیا، صرف اس لیے کہ حکومت نے اپنی سب سے بنیادی ذمہ داری پوری نہیں کی۔
ہیلتھ سیکٹر کو جان بوجھ کر پرائیویٹ ہاتھوں میں سونپ دیا گیا ہے جہاں علاج اب صرف امیروں کے لیے رہ گیا ہے، اور غریبوں کے لیے سرکاری اسپتال زندگی دینے کے بجائے موت کے اڈے بن چکے ہیں۔ انتظامیہ ہر بار کی طرح کہتا ہے: "جانچ ہوگی" لیکن سوال یہ ہے: جب آپ نومولود بچوں کی حفاظت تک نہیں کر سکتے تو حکومت چلانے کا کیا حق رکھتے ہیں؟ وزیراعظم مودی اور مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کو شرم سے سر جھکا لینا چاہیے۔
آپ کی حکومت نے ملک کے کروڑوں غریبوں سے صحت کا حق چھین لیا ہے – اور اب ماں کی گود سے بچہ تک چھننے لگا ہے۔ مودی جی، یہ آواز ان لاکھوں ماں باپ کی طرف سے اٹھ رہی ہے جو آج سرکاری لاپرواہی کا شکار ہیں۔ آپ کیا جواب دیں گے؟ ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ یہ لڑائی ہر غریب، ہر خاندان اور ہر بچے کے حق کی ہے۔
چوہوں کے اس سانحے پر وزیراعلیٰ موہن یادو نے بھی اعلیٰ حکام کو سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ جمعرات کو بھوپال سے میڈیکل کمشنر کے ساتھ ایک ٹیم اندور پہنچی اور معاملے کی تحقیقات کی۔ افسران نے این آئی سی یو کا دورہ کیا اور پورے واقعے کی تفصیل حاصل کی۔