دھرالی / آواز دی وائس
اتراکھنڈ اس بار موسم کے قہر سے شدید متاثر ہوا ہے۔ کئی مقامات پر بادل پھٹنے کے سبب تباہی کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ ایسا ہی منظر آج سے 51 دن قبل دھَرالی میں بھی دیکھنے کو ملا تھا، جب بادل پھٹنے کے نتیجے میں پورا گاؤں ملبے کی لپیٹ میں آگیا تھا۔ اس حادثے میں کئی لوگوں کی موت ہوئی جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔ حادثے کے 51 دن بعد حکومت نے لاپتہ افراد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔
دھَرالی سانحے کو تقریباً دو ماہ ہونے کو ہیں۔ اس حادثے میں 67 لوگ لاپتہ ہوئے تھے۔ انتظامیہ نے انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔ اسی وجہ سے اب حکومت نے مرکزی حکومت کی منظوری کے بعد ان 67 افراد کو سرکاری طور پر مردہ قرار دیتے ہوئے موت کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکزی حکومت کی منظوری
ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد لاپتہ افراد کے لواحقین کو بطور ریلیف مالی امداد دی جائے گی۔ حادثے کے بعد ریاستی حکومت نے لاپتہ افراد کا موت کا اندراج کرنے کے لیے وزارتِ داخلہ کو تجویز بھیجی تھی۔ رجسٹرار جنرل، وزارتِ داخلہ نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
اب وزارتِ داخلہ نے سال 2021 کی طرز پر دھَرالی آفت میں لاپتہ افراد کے موت کا اندراج کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یاد رہے کہ 2021 میں چمولی ضلع کے رَینی میں بھی اسی طرح کا حادثہ پیش آیا تھا۔
موت کا سرٹیفکیٹ کیسے جاری ہوگا؟
اگرچہ مرکزی حکومت نے موت کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے احکامات دے دیے ہیں، لیکن اس عمل میں وقت لگے گا۔ آفت میں لاپتہ افراد کے لیے پہلے گمشدگی کی رپورٹ درج کرانی ہوگی۔ اس کے بعد 30 دن کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔ اگر اس دوران کوئی اعتراض درج نہ ہوا تو موت کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جائے گا۔
دھَرالی میں حادثہ کب ہوا تھا؟
اتراکاشی کے دھَرالی میں 5 اگست کو دوپہر 1 بج کر 45 منٹ پر بادل پھٹ گیا تھا۔ کھیر گنگا ندی میں اچانک آئی طغیانی کے باعث صرف 34 سیکنڈ میں دھَرالی گاؤں زمین بوس ہوگیا۔ گاؤں تک پہنچنے والی سڑکیں تباہ ہو گئیں۔ ملبہ اتنی تیزی سے بسا ہوا علاقہ لپیٹ میں لے گیا کہ لوگوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہ ملا۔