داؤدى بوہرا کمیونٹی نے میلادُالنبی ﷺ كا جشن منایا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2025
داؤدى بوہرا کمیونٹی نے میلادُالنبی ﷺ كا جشن منایا
داؤدى بوہرا کمیونٹی نے میلادُالنبی ﷺ كا جشن منایا

 



ممبئی: دنیا بھر کی داؤدى بہرا کمیونٹی نے، دیگر مسلمانوں کے ساتھ مل کر، میلادُالنبی ﷺ یعنی حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن عقیدت و احترام سے منایا۔
ممبئی میں ہزاروں افراد نے 53 ویں داعیِ مطلق، حضرت سیدنا مفضل سیف الدین مدّظلّہ العالی کی معیت میں بھنڈی بازار میں ایک پُروقار جلوس میں شرکت کی۔ اس پُرمسرت موقع پر کمیونٹی كے چھوٹے بڑے سب،  بینڈ باجے کے ساتھ شریک ہوئے۔
 
شہر بھر اور دنیا کے دیگر حصّوں میں داؤدى بہرا کمیونٹی کے افراد مساجد اور کمیونٹی مراکز میں جمع ہوئے اور 52 ویں داعیِ مطلق، حضرت سیدنا محمد برہان الدین رحمۃ اللہ علیہ کے خطبہ كى ركورڈنگ سنى۔ اس خطبہ میں سیدنا نے نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اور تعلیمات سے رہنمائی لیتے ہوئے علم کے حصول کی فضیلت پر زور دیا، ساتھ ہی اپنی پہچان اور روایت سے جڑے رہنے کی تاکید فرمائی، بالخصوص نماز کی پابندی اور قرآنِ مجید کی تلاوت کے ذریعے کردار کی تعمیر پر روشنی ڈالی۔
 
ایک کمیونٹی رکن نے کہا: ”میلادُالنبی ﷺ ہمارے دلوں میں نبی کریم ﷺ کے لیے گہری عقیدت کو تازہ کرتا ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیماتِ شفقت، انکساری اور خدمتِ انسانیت ہمیں اس بات کی ترغیب دیتی ہیں کہ ہم نیک اور ذمہ دار شہری بنیں، ان معاشروں کو مضبوط کریں جن کا ہم حصّہ ہیں، اور اپنے دین کے اصولوں پر قائم رہیں“۔