دعوت کے ایڈیٹر پرواز رحمانی کا انتقال

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-01-2026
 دعوت کے ایڈیٹر پرواز رحمانی کا انتقال
دعوت کے ایڈیٹر پرواز رحمانی کا انتقال

 



نئی دہلی:اردو صحافت خصوصاً اسلامی اور اخلاقی صحافت کے میدان میں ایک ناقابلِ تلافی خلا پیدا ہو گیا ہے۔ معروف صحافی اور سہ روزہ دعوت کے ایڈیٹر پرواز رحمانی کاانتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال سے اردو صحافت ایک ایسے صاحبِ طرز قلمکار اور بااصول مدیر سے محروم ہو گئی جنہوں نے حق گوئی، دیانت اور سنجیدہ صحافت کو اپنی شناخت بنایا۔

مرحوم کی ادارت میں شائع ہونے والا سہ روزہ دعوت اسلامی، اخلاقی اور ذمہ دار صحافت کی ایک نمایاں مثال سمجھا جاتا تھا۔ ان کے دورِ ادارت میں یہ اخبار نہ صرف فکری رہنمائی کا ذریعہ بنا بلکہ اردو صحافت کو ایک واضح اور متوازن سمت بھی فراہم کی۔

جماعتِ اسلامی ہند دہلی کے امیرِ حلقہ سلیم اللہ خان نے پرواز رحمانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک اصول پسند اور بے باک صحافی تھے جنہوں نے ہمیشہ صحافت کے اخلاقی تقاضوں کو مقدم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سہ روزہ دعوت کے ذریعے اسلامی اور سنجیدہ اردو صحافت کو استحکام ملا۔

انہوں نے مرحوم کے معروف کالم “خبر و نظر” کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کالم ان کی گہری صحافتی بصیرت اور حالاتِ حاضرہ پر مضبوط گرفت کا مظہر تھا۔ خبر و نظر اپنی نوعیت کا منفرد کالم تھا جسے قارئین بے حد دلچسپی سے پڑھتے اور ہر اشاعت کا انتظار کرتے تھے۔ یہ کالم وقت کے ساتھ سہ روزہ دعوت کی شناخت بن چکا تھا۔

اہلِ صحافت کے مطابق پرواز رحمانی ایک شائستہ مگر بے خوف صحافی تھے۔ ان کی تحریروں میں اسلامی اقدار، صحافتی اصول اور فکری سنجیدگی نمایاں طور پر نظر آتی تھی۔ ان کے انتقال سے اردو صحافت بالخصوص اسلامی و اخلاقی صحافت ایک مضبوط ستون سے محروم ہو گئی ہے۔

آخر میں مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور اہلِ خانہ، متعلقین اور پوری صحافتی برادری کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔