ڈیٹا کا تحفظ: سپریم کورٹ کا مرکز کو نوٹس

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-02-2026
ڈیٹا کا تحفظ: سپریم کورٹ کا مرکز کو نوٹس
ڈیٹا کا تحفظ: سپریم کورٹ کا مرکز کو نوٹس

 



نئی دہلی،: سپریم کورٹ نے ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن (ڈی پی ڈی پی) ایکٹ 2023 کی مختلف دفعات کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی درخواست پر پیر کے روز مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔ تاہم عدالت نے متنازعہ دفعات پر عبوری روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک باقاعدہ سماعت نہیں ہوتی، پارلیمنٹ کے منظور کردہ قانون کو عارضی حکم کے ذریعے معطل نہیں کیا جا سکتا۔

چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وپل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ نے ڈی پی ڈی پی ایکٹ اور ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن رولز 2025 کی بعض دفعات کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر مرکز کو نوٹس جاری کیا۔ ان درخواستوں میں اطلاعات کے حق کے قانون (آر ٹی آئی) میں کی گئی ترامیم پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے۔

عدالت نے تین درخواستوں  ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ‘دی رپورٹرز کلیکٹو’ کی جانب سے وینکٹیش نائک، صحافی نتین سیتی، اور نیشنل کمپین فار پیپلز رائٹ ٹو انفارمیشن (این سی پی آر آئی) کی جانب سے دائر درخواست — کو بڑی بنچ کے سپرد کر دیا۔ درخواست گزاروں نے قانون میں شامل ان دفعات پر تشویش ظاہر کی ہے جنہیں “قابلِ اعتباریت” سے متعلق قرار دیا گیا ہے اور جو مرکزی حکومت کو اپنے صوابدیدی اختیار سے کسی بھی ڈیٹا مینجمنٹ ادارے سے معلومات طلب کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔ بنچ نے کہا کہ معاملہ پیچیدہ اور حساس نوعیت کا ہے کیونکہ اس میں دو بنیادی حقوق  اطلاعات تک رسائی کا حق اور رازداری کا حق  کے درمیان توازن قائم کرنا شامل ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو یہ طے کرنا ہوگا کہ ذاتی معلومات کی تعریف کیا ہے اور متضاد مفادات میں توازن کیسے قائم کیا جائے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل پرشانت بھوشن نے سپریم کورٹ کے تاریخی سبھاش اگروال فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت پہلے ہی آر ٹی آئی اور رازداری کے حقوق کے درمیان توازن کے لیے ایک فریم ورک وضع کر چکی ہے۔

تاہم عدالت نے کہا کہ نئے قانون کے تناظر میں ایک نئے اور جامع جائزے کی ضرورت ہے۔ سینئر وکیل ابھیشیک سنگھوی نے مزید دلائل پیش کرنے کی کوشش کی، لیکن عدالت نے مرکز سے تفصیلی جواب طلب کرنے کے لیے نوٹس جاری کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت مارچ میں مقرر کی ہے۔ سینئر وکیل ورندا گروور نے دلیل دی کہ قانون میں حد سے زیادہ سخت مؤقف اپنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ “چھینی کے بجائے ہتھوڑا استعمال کیا گیا ہے”، جس سے آر ٹی آئی قانون کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ درخواست گزاروں نے بنیادی طور پر ڈی پی ڈی پی ایکٹ کی دفعہ 44(3) کو چیلنج کیا ہے، جو آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعہ 8(1)(جے) میں ترمیم کرتی ہے اور ذاتی معلومات کے انکشاف پر وسیع استثنا فراہم کرتی ہے۔ ترمیم سے قبل اگر کوئی غالب عوامی مفاد موجود ہوتا تو ذاتی معلومات ظاہر کی جا سکتی تھیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صحافی اور شفافیت کے کارکن بدعنوانی، بے ضابطگیوں یا مفادات کے ٹکراؤ کو بے نقاب کرنے کے لیے محدود مگر عوامی مفاد کے دائرے میں ذاتی معلومات تک رسائی پر انحصار کرتے ہیں۔ عوامی مفاد کی استثنا کو ختم کرکے ترمیم شدہ قانون مبینہ طور پر احتساب کے بجائے رازداری کے حق کو فوقیت دیتا ہے، جس سے توازن بگڑ گیا ہے۔