دارجلنگ: اقوامِ متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دی گئی دارجلنگ ہمالیائی ریلوے (ڈی ایچ آر) کو اپنے 145 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون ٹکٹ معائنہ کار (ٹی ٹی ای) ملی ہے۔ شمال مشرقی سرحدی ریلوے (این ایف آر) کی تجربہ کار ملازمہ سریتا یولمو نے پانچ فروری کو اپنی نئی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے پہلی بار نیو جلپائی گوڑی سے دارجلنگ تک ٹوائے ٹرین میں سفر کیا۔
یولمو نے ‘پی ٹی آئی-بھاشا’ کو فون پر بتایا، ’’دارجلنگ ہمالیائی ریلوے کی ٹوائے ٹرین کی تاریخ میں پہلی خاتون ٹی ٹی ای ہونا میرے لیے فخر کی بات ہے۔‘‘ ڈی ایچ آر کی افسر پرتیکشا چھیتری نے تصدیق کی کہ یولمو ٹوائے ٹرین سروس میں پہلی خاتون ٹی ٹی ای کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یولمو نے کہا کہ جب انہیں یونیسکو کے عالمی ورثہ ریلوے نظام میں کام کرنے کا موقع ملا تو انہیں نہ صرف جوش و خروش محسوس ہوا بلکہ ذمہ داری کا بھی گہرا احساس ہوا۔
انہوں نے کہا، ’’میں دارجلنگ سے تعلق رکھتی ہوں، لیکن مجھے ڈی ایچ آر میں کام کرنے کا کوئی سابقہ تجربہ نہیں تھا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل ایک مسافر کے طور پر ٹوائے ٹرین میں سفر کر چکی ہیں۔ وہ اس وقت این جے پی-دارجلنگ روٹ پر واحد خاتون ٹی ٹی ای ہیں۔ یہ سفر ایک طرف سے تقریباً آٹھ گھنٹے پر مشتمل ہوتا ہے اور راستے میں تاخیر کی صورت میں کبھی کبھار اس سے زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔
یولمو روزانہ این جے پی اور دارجلنگ کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس میں اپنی باری کے مطابق ڈیوٹی انجام دیتی ہیں۔ وہ صبح این جے پی سے روانہ ہونے والی ٹرین میں سوار ہوتی ہیں اور اگلے دن پہاڑی شہر میں رات گزارنے کے بعد واپس لوٹتی ہیں۔ دارجلنگ کو ’’پہاڑوں کی ملکہ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔
این جے پی-دارجلنگ روٹ کے لیے ٹکٹ معائنہ کاروں کی تعیناتی این جے پی میں واقع چیف ٹکٹ ٹریول انسپکٹر (سی ٹی ٹی آئی) کے دفتر سے کی جاتی ہے، جہاں یولمو تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا، مجھے اس سے پہلے ٹرینوں میں ٹی ٹی ای کے طور پر کام کرنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا، اس کے باوجود میں نے ہمت کی اور ٹوائے ٹرین سروس میں یہ ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے مزید کہا، اپنے پہلے سفر میں میں کچھ گھبرائی ہوئی تھی، لیکن جب میں نے سفر مکمل کیا اور دارجلنگ پہنچی تو مجھے بے حد خوشی محسوس ہوئی۔