جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پریس کلب میں دانش کو یادکیاگیا

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 18-07-2021
جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پریس کلب میں دانش کو یادکیاگیا
جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پریس کلب میں دانش کو یادکیاگیا

 

 

دہلی،ممبئی

راجدھانی دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پریس کلب ممبئی میں مقتول فوٹوصحافی دانش کو یاد کیاگیا۔ دونوں جگہوں پرماحول غمگین تھا۔

پریس کلب ممبئی نے افغانستان میں جاں بحق ہوئے فوٹو جرنلسٹ دانش صدیق کی وفات پر تعزیت کی ہے۔پریس کلب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی کی المناک موت کی خبر سے بہت غمزدہ ہیں۔ بہادر صحافی ، دانش ، ایک غیر معمولی کام کا کام چھوڑ کر چلا گیا۔ یہ باتیں پریس کلب نے ایک ٹویٹ میں کہاہے۔"

دوسری طرف قومی دارالحکومت دہلی میں آج دانش صدیقی کی یاد میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ کے باہر موم بتی جلا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس تعزیتی محفل کا انعقاد جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایم سی آر سی کے طالب علموں کی جانب سے کیاگیا۔ جس میں دہلی سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر دانش صدیقی کے دوست شمس رضا نے بھی شرکت کی۔دانش کی موت سے جامعہ کا ماحول سوگوار ہے۔ دانش نے 2005 -2007 میں جامعہ سے تعلیم حاصل کی تھی اور ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کے ساتھ گریجویشن یہیں سے کیا تھا۔

دانش کو جامعہ کے ایم سی آر سی نے 2018 میں ایلومینائی ایوارڈسے بھی نوازا تھا۔

جامعہ کے طلبہ نے دانش صدیقی کو خراج عقیدت پیش کے لئے تصویریں بنائیں اور موبتیاں روشن کیں۔واضح ہوکہ فوٹو جرنلسٹ کی حیثیت سے، دانش نے ایشیاء ، مشرق وسطی اور یورپ میں کئی اہم کہانیوں کا احاطہ کیا ہے۔

ان کے کچھ کاموں میں افغانستان اور عراق کی جنگوں، روہنگیا پناہ گزینوں کے بحران، ہانگ کانگ کے مظاہرے، نیپال کے زلزلے، شمالی کوریا میں بڑے پیمانے پر کھیلوں اور سوئٹزرلینڈ میں سیاسی پناہ کے متلاشیوں کے حالات زندگی شامل ہیں۔

افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ایوارڈ یافتہ فوٹوگرافر دانش صدیقی کی یاد میں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایک موم بتی مارچ نکالا گیا۔ سابق طالب علم محمد مہربان نے ماس کمیونی کیشن کے طالب علم سریجن چاولا کے ساتھ مل کر یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 17 پر کینڈل لائٹ مارچ کا اہتمام کیا، جس میں 500 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر متعدد حاضرین کی آنکھیں نم نظر آئی اور سبھی نے دانش صدیقی کی صحافتی خدمات کو یاد کیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انتظامیہ کی جانب سے منگل کے روز دانش کی یاد میں تعزیتی نشست کا اہتمام کیا جائے گا۔ نیز دانش کی تصاویر پر مبنی ایک نمائش کا بھی اہتمام ہوگا۔