نئی دہلی/ آواز دی وائس
جنوبی خلیج بنگال کے اوپر ایک بالائی فضائی چکرواتی دباؤ کے سبب تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں کے لیے طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق، یہ نظام مغرب شمال مغرب کی سمت بڑھتے ہوئے بدھ کی دوپہر تک شمالی تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں سے متصل جنوب مغربی اور اس سے ملحقہ مغربی وسطی خلیج بنگال کے اوپر ایک طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
یہ نظام مغرب –شمال مغرب کی سمت بڑھتے ہوئے شمالی تمل ناڈو پڈوچیری کرائیکل اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں کی طرف آگے بڑھے گا اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔ پچھلے ہفتے ریاست بھر میں ہوئی شدید بارشوں کے باعث چنئی سمیت تمل ناڈو کے کئی حصے شدید سیلاب اور پانی بھراؤ سے دوچار ہیں۔
تمل ناڈو میں بارش کی وارننگ
محکمہ موسمیات کے مطابق، ولّوپورم، چنگل پٹّو، کُڈّلور، مئیلادُتھورائی اضلاع اور پڈوچیری میں بعض مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش اور ایک یا دو مقامات پر نہایت شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 24 گھنٹوں میں 2.5 ملی میٹر سے 15.5 ملی میٹر تک کی بارش کو "ہلکی" بارش کہا جاتا ہے، جبکہ 15.6 ملی میٹر سے 64.4 ملی میٹر تک کی بارش کو "درمیانی" بارش سمجھا جاتا ہے۔ اگر 24 گھنٹوں میں اوسط بارش 64.5 سے 115.5 ملی میٹر کے درمیان ہو تو اسے "بھاری بارش" کہا جاتا ہے، 115.6 سے 204.4 ملی میٹر کے درمیان ہو تو "بہت بھاری" اور اگر 204.5 ملی میٹر سے زیادہ ہو تو اسے "انتہائی بھاری" بارش کہا جاتا ہے۔
تازہ ترین محکمہ موسمیات کے بلیٹن میں کہا گیا ہے
"چنئی، ترووللور، کانچی پورم، رانی پیٹ، ترووناملئی، کلّاکُرِچی، اریالور، پیرمبلور، تنجاور، ترووارور، ناگا پٹنم اضلاع اور کرائیکل علاقے میں بعض مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔سیلم، تروچیراپلی، ویلّور، تروپتّور، دھرماپوری اور پدوکّوٹّئی اضلاع میں بھی مختلف مقامات پر بھاری بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔
جمعرات کو ویلّور، تروپتّور، ترووناملئی، ولّوپورم، کلّاکُرِچی، کُڈّلور اضلاع اور پڈوچیری میں بھاری بارش کا امکان ہے، جبکہ جمعہ کے روز کرشنا گیری، دھرماپوری، سیلم، ایروڈ، نیلگری اور کوئمبتور اضلاع میں بھاری بارش ہونے کی توقع ہے۔
چنئی کا موسم
چنئی کے شہریوں کو ایک بار پھر بارش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہاں درمیانی سے بھاری بارش کے ساتھ گرج چمک ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، چنئی اور اس کے اطراف زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 28 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 24 سے 25 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
بھاری بارش کی وارننگ کے پیش نظر چنئی میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ چنئی کی ضلع کلکٹر رشمِی سدھارتھ جاگڈے نے کہا کہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسکول بند کیے گئے ہیں۔