سائبر فراڈ : نائجیریا کی خاتون سمیت چار افراد گرفتار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2026
 سائبر فراڈ : نائجیریا کی خاتون سمیت چار افراد  گرفتار
سائبر فراڈ : نائجیریا کی خاتون سمیت چار افراد گرفتار

 



نئی دہلی: دہلی پولیس نے قومی دارالحکومت کے ایک شخص کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں نائجیریا کی ایک خاتون سمیت چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ایک افسر نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے متاثرہ شخص کو پارسل کے ذریعے امریکی ڈالر اور سونا بھیجنے کا جھانسہ دیا اور اسے وصول کرنے کے لیے مختلف رسمی کارروائیوں کے نام پر اس سے رقم وصول کی۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ان گرفتاریوں کے ساتھ ہی پولیس نے جعلی شناخت کے ذریعے لوگوں کے ساتھ سائبر فراڈ کرنے والے ایک بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت دیپک کمار (22)، کونڈا ساگر (33)، اجمیرا ونود کمار (30) اور نائجیریا کی شہری شیمون میریکل چنونوسو (22) کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق دہلی کے رہنے والے متاثرہ شخص نے 31 مارچ کو شکایت درج کرائی تھی کہ خود کو امریکہ کا رہائشی بتانے والے افراد نے اس کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے سب سے پہلے چیٹ اور فون کالز کے ذریعے شکایت کنندہ سے رابطہ کیا اور اس کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس کے نام پر امریکی ڈالر اور سونے سے بھرا ایک پارسل بھیجا ہے۔

اس کے بعد ملزمان نے مختلف بہانے بنا کر متاثرہ شخص کو رقم بھیجنے پر آمادہ کیا۔ پولیس کے مطابق ان دعوؤں پر یقین کرتے ہوئے متاثرہ شخص نے آن لائن ذرائع سے کئی مرتبہ میں 1.46 لاکھ روپے منتقل کر دیے۔ جنوب مغربی دہلی کے ڈپٹی کمشنر پولیس (ڈی سی پی) امیت گوئل نے بتایا کہ معاملہ درج کرنے کے بعد ایک ٹیم نے ڈیجیٹل شواہد، مالی لین دین اور تکنیکی معلومات کا تجزیہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے بعد پولیس ٹیم نے دہلی سے دیپک کمار کو گرفتار کیا، جبکہ تلنگانہ کے جے شنکر بھوپال پلی ضلع سے ساگر اور ونود کمار کو گرفتار کیا گیا۔ افسر نے بتایا کہ تفصیلی تفتیش کے دوران چنونوسو کے ملوث ہونے کا پتہ چلا، جس کے بعد پولیس ٹیم نے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا۔