سائبر کرائم کیس: ای ڈی نے 4 ملزمان کو گرفتار کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-10-2025
سائبر کرائم کیس: ای ڈی نے 4 ملزمان کو گرفتار کیا
سائبر کرائم کیس: ای ڈی نے 4 ملزمان کو گرفتار کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 100 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے متعدد سائبر کرائم معاملات کی تحقیقات کے سلسلے میں منی لانڈرنگ کے الزامات پر چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے، ایجنسی نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
ای ڈی کے مطابق، مقبول عبد الرحمن ڈاکٹر، کاشف مقبول ڈاکٹر، مہیش مافتلال دیسائی اور اوم راجندرا پانڈیا کو انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ 2002  کی دفعہ 19 کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ان ملزمان کو احمدآباد کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ای ڈی کو پانچ دن کی تحویل دی تاکہ کیس کی مزید تفتیش کی جا سکے۔
ای ڈی کے سورت سب زونل دفتر نے ان گرفتاریوں کو انجام دیا۔ یہ کارروائی سورت پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کی جانب سے 15 اکتوبر 2024 کو درج ایف آئی آر کی بنیاد پر شروع کی گئی تھی، جو بھارتیہ نیائے سنہیتا 2023 (ہندوستانی انصاف ضابطہ 2023) کی مختلف دفعات کے تحت مقبول عبد الرحمن ڈاکٹر اور دیگر کے خلاف تھی۔
ای ڈی نے بتایا کہ اس کیس میں مقبول ڈاکٹر، ان کے بیٹے کاشف مقبول ڈاکٹر اور بَسام مقبول ڈاکٹر، مہیش دیسائی، اوم راجندرا پانڈیا اور ان کے دیگر ساتھیوں نے عام لوگوں کو مختلف سائبر فراڈز کے ذریعے دھوکہ دیا۔ ان فراڈز میں شامل ہیں 
ڈیجیٹل اریسٹ
فارن ایکسچینج ٹریڈنگ 
اور جعلی نوٹس بھیج کر معصوم افراد کو ڈرانا، جن پر ہندوستانی سپریم کورٹ یا ای ڈی جیسی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے نام درج تھے۔
تحقیقات کے دوران ای ڈی نے پایا کہ یہ ملزمان 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔
ایجنسی کے مطابق، اپنی جرائم سے حاصل رقم  کو چھپانے کے لیے ملزمان نے ایک منظم طریقہ اختیار کیا۔ انہوں نے اپنے ملازمین، ساتھیوں اور کرائے کے افراد کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوائے تاکہ اس رقم کو جمع اور منتقل کیا جا سکے۔ مزید یہ کہ ان بینک اکاؤنٹس کو چلانے کے لیے ملزمان نے پہلے سے فعال سم کارڈز حاصل کیے، تاکہ اپنی شناخت کو چھپایا جا سکے۔
ای ڈی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے جرائم سے حاصل رقم (پی او سی) کو کرپٹو کرنسی (یو ایس ٹی ڈی ) میں تبدیل کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے رقم کو مختلف حوالہ آپریٹرز کے ذریعے منتقل کیا تاکہ ریگولیٹری جانچ سے بچا جا سکے۔