نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو مدھیہ پردیش حکومت کو سخت تنبیہ دی کہ وہ اس کے احکامات پر عمل کرے، ورنہ عدالت کو اچھی طرح معلوم ہے کہ احکام پر کس طرح عمل کرایا جاتا ہے۔ یہ تنبیہ ایک حوالاتی موت (Custodial Death) کے معاملے سے متعلق ہے، جس میں الزام لگنے کے بعد دو پولیس اہلکار فرار ہوگئے تھے۔
عدالت عظمیٰ نے کہا کہ چونکہ عمل درآمد میں “کوئی پیش رفت نہیں ہوئی”، اس لیے وہ متعلقہ حکام کے خلاف توہینِ عدالت کے الزامات عائد کر سکتی ہے۔ جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس آر مہادیون کی بنچ نے کہا: “ہم بس اتنا کہہ رہے ہیں کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت کے احکامات پر عمل کریں۔
ورنہ ہمیں معلوم ہے کہ کس طرح عمل کرانا ہے۔ اگر عمل نہ ہوا تو توہین عدالت کی درخواست کے تحت کارروائی ہوگی۔ ہم الزامات طے کریں گے اور عدالتِ توہین ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔” یہ سماعت ایک 24 سالہ متوفی کی ماں کی جانب سے دائر کردہ توہینِ عدالت کی درخواست پر ہو رہی تھی، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عدالت کے 15 مئی کے حکم پر عمل نہیں کیا گیا۔
اس کے بعد سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش حکومت کو سخت پھٹکار لگائی کہ مبینہ حوالاتی موت میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی، اور اس کیس کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپ دی۔ جمعہ کو موجودہ تفتیشی افسر نے بتایا کہ انہوں نے 30 جون کو یہ کیس سنبھالا تھا اور 2 جولائی کو ایک پولیس افسر کو گرفتار کیا تھا، جو چشم دید گواہ کے مطابق حوالات میں مبینہ طور پر تشدد میں شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ایک چشم دید گواہ ہے جو جیل میں بند ہے۔ تاہم مسئلہ یہ ہے کہ اس کیس کو ہاتھ میں لینے سے پہلے ہی چار ایجنسیوں نے اس کا بیان درج کرلیا تھا، اور ان سب بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔ بینچ نے افسر کو یاد دلایا کہ عدالت اس کے احکامات پر عمل درآمد کے بارے میں فکرمند ہے۔ عدالت نے پوچھا: “حوالات میں موت کے لیے کون ذمہ دار ہے؟ انہیں گرفتار کیجیے۔ آپ انہیں گرفتار کیوں نہیں کر پا رہے ہیں؟”
جب تفتیشی افسر نے بتایا کہ انہوں نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، تو بینچ نے کہا: “یہ کافی نہیں ہے۔” سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ ایک موقع دے رہی ہے اور فی الحال توہینِ عدالت کے الزامات طے کرنے میں جلدبازی نہیں کر رہی۔ بینچ نے کہا کہ اگر عمل درآمد کی کوئی پیش رفت ہوتی ہے تو درخواست گزار کے وکیل اس کا ذکر کرسکتے ہیں، تاکہ معاملے کو 8 اکتوبر کو فہرست میں شامل کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ 25 ستمبر کو اس کیس کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے دو فرار پولیس افسران کو معطل کرنے میں تاخیر پر مدھیہ پردیش حکومت اور سی بی آئی کو سخت سرزنش کی تھی اور توہین عدالت کی کارروائی کی تنبیہ دی تھی۔