کٹھمنڈو: نیپال کی حکومت نے ہندوستان سے متصل سپتری ضلع کے بعض علاقوں میں حالیہ فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیش نظر غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے دفتر نے جمعہ کی صبح 8 بجے سے راجبراج میونسپلٹی کے بعض علاقوں میں احتیاطی اقدام کے طور پر کرفیو نافذ کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب پڑوسی ضلع سنسری میں ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مختلف گروہوں نے احتجاج کیا۔
سنسری میں گزشتہ ہفتے کے آخر میں شروع ہونے والے فرقہ وارانہ تصادم کے بعد نیپال کے کئی اضلاع میں کشیدگی برقرار ہے، جس کے باعث حکام نے کرفیو، دفعہ 144 جیسے پابندی والے احکامات نافذ کیے ہیں اور سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
سپتری میں کرفیو کے نفاذ کے بعد ایسے اضلاع کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ اس سے قبل سنسری، دھنوشا اور سرہا اضلاع کے بعض علاقوں میں بھی کرفیو نافذ کیا جا چکا ہے۔ یہ تمام اضلاع نیپال کے جنوبی تَرائی علاقے میں ہندوستانی سرحد سے متصل ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک ان واقعات میں تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اتوار کو دو مذہبی برادریوں کی تقریبات کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور مذہبی جھنڈوں کی نمائش پر تنازع پیدا ہوا، جو بعد میں پرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہوگیا۔ حالات قابو سے باہر ہونے پر پولیس نے فائرنگ کی، جس میں ایک شخص ہلاک اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ جمعرات کو تشدد پڑوسی مدھیش صوبے تک پھیل گیا، جہاں سرہا ضلع میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران ایک نوعمر لڑکا جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
اسی دوران سنسری میں زخمی ہونے والا ایک شخص بھی کوشی صوبے میں دم توڑ گیا۔ دریں اثنا، سرحدی ضلع سرلاہی کی ضلعی سکیورٹی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستان سے نیپال میں داخل ہونے والے تمام افراد کے لیے درست شناختی دستاویزات ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔
اس بات کی تصدیق اسسٹنٹ چیف ڈسٹرکٹ آفیسر ہوم پرساد گھمیری نے کی۔ وزیراعظم بلندر شاہ نے جمعرات کو قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے عوام سے امن اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت حالیہ تشدد کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ادھر ایک الگ واقعے میں سرہا ضلع کی لہان میونسپلٹی میں جمعرات کی شب ایک نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔