نئی دہلی: ملک بھر کے انڈرگریجویٹ کورسز میں داخلے کے لیے منعقد ہونے والا سی یو ای ٹی-یو جی 2026 کا امتحان ہفتہ کے روز بعض امتحانی مراکز پر تکنیکی خرابی کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے یہ اطلاع دی۔ این ٹی اے کے مطابق مسئلہ اب حل کر لیا گیا ہے اور تمام امیدواروں کو مکمل اضافی (معاوضی) وقت فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی طالب علم کو نقصان نہ پہنچے۔
ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا: "ٹی سی ایس نے اطلاع دی ہے کہ ہفتہ کے روز بعض امتحانی مراکز پر ان کی جانب سے پیش آنے والی تکنیکی خرابی کے باعث سی یو ای ٹی-یو جی 2026 کا امتحان شروع ہونے میں تاخیر ہوئی۔ اب مسئلے کو حل کر لیا گیا ہے اور امتحان اضافی وقت کی سہولت کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی امیدوار کو نقصان نہ ہو۔"
این ٹی اے نے دوپہر کے سیشن کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول بھی جاری کیا۔ بیان کے مطابق: "امیدواروں کی رپورٹنگ اور داخلہ دوپہر 2:30 بجے سے ہوگا، جبکہ امتحان اب سہ پہر 3 بجے کے بجائے 4 بجے شروع ہوگا۔" ایجنسی نے بتایا کہ صبح کے سیشن کے امیدواروں کو بھی سوالنامہ حل کرنے کے لیے مکمل مقررہ وقت دیا جا رہا ہے اور امتحان مکمل ہونے کے بعد ہی انہیں مرکز سے باہر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
این ٹی اے نے کہا: "طلبہ اور والدین کو پیش آنے والی پریشانی کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔" مدد اور رہنمائی کے لیے این ٹی اے نے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے۔ دوسری جانب کئی طلبہ اور والدین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امتحان میں ہونے والی تاخیر کی شکایت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ امتحانی مراکز پر مناسب معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا: "تکنیکی خرابی کے باعث سی یو ای ٹی 2026 کے طلبہ کو تین سے چار گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا۔ نہ کوئی مناسب اطلاع دی گئی اور نہ ہی کوئی مناسب انتظام تھا۔ شدید گرمی میں طلبہ اور والدین پریشان ہوتے رہے۔ قومی سطح کے امتحان کے لیے یہ صورتحال بالکل ناقابلِ قبول ہے۔"