بھوپال/ آواز دی وائس
مدھیہ پردیش کے اُجین سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں مہانندہ نگر واقع ہندوستانی اسٹیٹ بینک کی شاخ سے کروڑوں روپے کے زیورات اور نقدی کی چوری کے معاملے میں پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کیس میں پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا اصل منصوبہ ساز کوئی اور نہیں بلکہ بینک کا ہی ایک ملازم ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اس ماسٹر مائنڈ بینک ملازم نے اپنے دیگر چار ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس واردات کو انجام دیا تھا۔ افسر نے مزید کہا کہ ملزمان کے قبضے سے پانچ کروڑ روپے کا سونا اور لاکھوں روپے نقد برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ پریدیپ شرما نے منگل کی دیر رات ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر معلومات کی بنیاد پر کل پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان میں بینک کا کنٹریکٹ ملازم جئے بھاؤسار بھی شامل ہے، جس نے اپنے دیگر چار ساتھیوں کے ساتھ مل کر پوری واردات کو انجام دیا۔ ان سب کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے پاس سے پانچ کروڑ روپے کا سونا اور آٹھ لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔
شرما نے مزید بتایا کہ اس معاملے میں لاپرواہی برتنے پر بینک مینیجر اور دو افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کیس کا پردہ فاش کرنے والی پولیس ٹیم کو تیس ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ قابل ذکر ہے کہ یہ چوری پیر اور منگل کی درمیانی رات کو ہوئی تھی۔
سی سی ٹی وی سے ہوا راز فاش
سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے دوران پولیس نے پایا کہ دو چور بینک کی دیوار پھاند کر اندر داخل ہوئے اور سیڑھیوں سے اوپر کی منزل پر جا کر تالے کھول کر بینک میں گھس گئے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ چوروں نے بینک کے لاکر کا تالا کھول کر اس میں رکھی نقدی اور سونا نکال لیا۔ چونکہ نہ تالا ٹوٹا اور نہ ہی تجوری، اس کے بعد پولیس کو شک ہوا کہ اس میں بینک کے کسی ملازم کی ملی بھگت ہو سکتی ہے اور پھر اسی بنیاد پر تفتیش کی گئی۔ پولیس کے مطابق چوری ہوا سونا ان لوگوں کا تھا جنہوں نے بینک میں زیورات گروی رکھ کر قرض لیا تھا۔