نئی دہلی: کانگریس، کاکروچ جنتا پارٹی (کاجپا) اور عام آدمی پارٹی (آپ) نے مرکزی حکومت پر اپنی ترجیحات درست نہ رکھنے کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں مرکزی وزراء کی سرکاری رہائش گاہوں کی دیکھ بھال پر ریکارڈ 92.35 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا مسئلہ سنگین ہو چکا ہے اور نئے اسکولوں کی بھی ضرورت ہے۔
کاجپا نے نوآبادیاتی دور کے ان بنگلوں کی دیکھ بھال پر بڑھتے اخراجات سے متعلق ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ کی ایک خبر پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا، "اپنے عالی شان گھروں کی دیکھ بھال بند کیجیے اور اسکولوں کی حالت بہتر بنائیے۔" کاجپا نے اپنی پوسٹ میں کہا، "92 کروڑ روپے یعنی 10 نئے عالمی معیار کے سرکاری اسکول۔ پیسہ دستیاب ہے، لیکن اسے سرکاری اسکولوں پر خرچ کرنے کی نیت نہیں ہے۔"
ابھجیت دیپکے نے چیف جسٹس سوریہ کانت کے "کاکروچ" سے متعلق تبصرے کے جواب میں طنزیہ انداز میں مئی میں کاجپا قائم کی تھی۔ اس کے بعد کاجپا بے روزگاری اور امتحانات میں بے ضابطگیوں جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے والی ایک وسیع نوجوان تحریک کے طور پر ابھری ہے۔ کاجپا کی حالیہ مہم سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کے مطالبے پر مرکوز ہے۔
اطلاعات کے حق (آر ٹی آئی) قانون کے تحت پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ’پی ٹی آئی‘ کو حاصل معلومات کے مطابق دہلی میں مرکزی وزراء کی سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش، سجاوٹ اور مرمت پر ہونے والا خرچ 2014-15 کے 27.47 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2025-26 میں ریکارڈ 92.35 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ ان رہائش گاہوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سنبھالنے والے مرکزی تعمیرات عامہ محکمے (سی پی ڈبلیو ڈی) نے 2014-15 سے 2025-26 تک 12 برس کے دوران ان کاموں پر مجموعی طور پر 547.68 کروڑ روپے خرچ کیے۔