کرور بھگدڑ کیس: سپریم کورٹ کل سماعت کرے گی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-07-2026
کرور بھگدڑ کیس: سپریم کورٹ کل سماعت کرے گی
کرور بھگدڑ کیس: سپریم کورٹ کل سماعت کرے گی

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے تنظیمی سکریٹری آر ایس بھارتی کی اس درخواست پر منگل کو سماعت کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ کرور بھگدڑ معاملے میں موجودہ تمل ناڈو حکومت کے بعض وزراء، جو اس مقدمے میں ملزم بھی ہیں، گواہوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جسٹس احسن الدین امان اللہ اور جسٹس شیل ناگو پر مشتمل بنچ نے سینئر وکیل حفیظہ احمدی کی جانب سے معاملہ پیش کیے جانے کے بعد کہا کہ اس درخواست پر کل سماعت کی جائے گی۔ 27 ستمبر 2025 کو تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) کے سربراہ اور اداکار سی جوزف وجے کی سیاسی ریلی کے دوران کرور میں پیش آنے والے المناک بھگدڑ کے واقعے میں 41 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس معاملے کی تحقیقات مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کر رہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقدمے سے وابستہ بعض افراد عوامی بیانات دے رہے ہیں جن سے گواہ متاثر ہو سکتے ہیں اور سی بی آئی کی تحقیقات میں مداخلت کا خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔ اس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سی جوزف وجے، آدھو ارجنا، بسی آنند، سی ٹی نرمل کمار اور مقدمے سے وابستہ دیگر افراد کو زیرِ تفتیش معاملے کے بارے میں عوامی بیانات دینے سے روکا جائے۔

درخواست میں عدالت سے کہا گیا ہے کہ سی بی آئی کی تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی ملزم یا مقدمے سے وابستہ شخص کو ایسے بیانات دینے کی اجازت نہ دی جائے جن میں کسی پر مجرمانہ ذمہ داری عائد کی جائے، سیاسی مخالفین کو دھمکیاں دی جائیں یا زیرِ تفتیش معاملے پر ایسی رائے دی جائے جس سے غیر جانبدارانہ تحقیقات متاثر ہونے کا امکان ہو۔

آر ایس بھارتی نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے جاں بحق اور زخمی افراد کے اہل خانہ کو مالی امداد، ہمدردانہ بنیاد پر ملازمتیں اور دیگر سرکاری مراعات دینے سے اہم گواہوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ ریاستی حکومت کو امدادی رقم، ہمدردانہ تقرریاں اور دیگر فلاحی اقدامات کرنے کی آزادی ہونی چاہیے، تاہم سی بی آئی کی تحقیقات مکمل ہونے تک یہ فوائد صرف سپریم کورٹ کی مقررہ حفاظتی شرائط اور سی بی آئی کو پیشگی آگاہ کرنے کے بعد ہی دیے جائیں تاکہ تحقیقات اور گواہوں کی شہادت پر کوئی اثر نہ پڑے۔

مزید برآں درخواست میں عدالت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ سی بی آئی 2 جولائی 2026 کو آدھو ارجنا کی جانب سے دیے گئے عوامی بیانات کے خلاف کارروائی کرے اور ان پر گواہوں کو متاثر کرنے اور تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں مقدمہ درج کرے۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں سپریم کورٹ نے اس مقدمے کی تحقیقات ریاستی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے لے کر سی بی آئی کے سپرد کر دی تھیں اور آزادانہ و غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔