سی پی آئی نائب قائدِ حزبِ اختلاف کے مطالبے پر قائم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2026
سی پی آئی نائب قائدِ حزبِ اختلاف کے مطالبے پر قائم
سی پی آئی نائب قائدِ حزبِ اختلاف کے مطالبے پر قائم

 



نئی دہلی: بھارتی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی) نے واضح کیا ہے کہ وہ کیرالہ اسمبلی میں نائب قائدِ حزبِ اختلاف کے عہدے کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوئی۔ پارٹی کے رکنِ اسمبلی اور سابق وزیر کے راجن نے ہفتے کے روز کہا کہ اس معاملے پر پارٹی کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

کے راجن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس عہدے کے لیے ان کے نام پر کوئی بحث نہیں ہوئی، لیکن پارٹی نے باضابطہ طور پر اس منصب کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سیکریٹری اس حوالے سے مؤقف پہلے ہی واضح کر چکے ہیں اور پارٹی آج بھی اسی موقف پر قائم ہے۔

دوسری جانب مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی ایم) کے سینئر رہنما پنارائی وجین نے اس مطالبے کو اہمیت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اب پرانا ہو چکا ہے۔ کنور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک گزرے ہوئے وقت کی بات ہے اور اب اس پر مزید غور کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سی پی آئی ایم کی قیادت والے لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی دوسری بڑی اتحادی جماعت سی پی آئی نے حالیہ انتخابات کے بعد اسمبلی کا نیا اجلاس شروع ہونے سے ہی نائب قائدِ حزبِ اختلاف کے عہدے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ تاہم، اتحادی قیادت کی جانب سے اس مطالبے کو اب تک قبول نہیں کیا گیا ہے۔