نئی دہلی/ آواز دی وائس
سی پی رادھا کرشنن نے ملک کے 15ویں نائب صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت ان کی کابینہ کے کئی بڑے وزراء موجود رہے۔ اس موقع پر بی جے پی کے کئی سینئر رہنما بھی شریک ہوئے۔ سی پی رادھا کرشنن کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نائب صدر کے عہدے کا حلف دلایا۔ نائب صدر کے انتخاب میں سی پی رادھا کرشنن نے انڈیا اتحاد کے امیدوار ریڈی کو بڑے فرق سے شکست دی تھی۔
اس خاص تقریب کے دوران سابق نائب صدر جگدیپ دھنکڑ بھی دکھائی دیے۔ وہ پہلی صف میں سابق نائب صدر اور بی جے پی کے سینئر رہنما وینکیا نایڈو کے ساتھ بیٹھے نظر آئے۔ اس پروگرام میں سابق نائب صدر حامد انصاری بھی شامل ہوئے۔ لیکن سب کی نگاہیں دھنکڑ پر ہی جمی رہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب جگدیپ دھنکڑ عوامی طور پر کسی پروگرام میں شریک ہوئے۔
گزشتہ منگل کو ہوئے نائب صدر کے انتخاب میں سی پی رادھا کرشنن نے اپوزیشن کے امیدوار سدرشن ریڈی کو 152 پہلی ترجیحی ووٹوں سے شکست دی۔ انتخابی افسر پی سی مودی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سدرشن ریڈی کو 300 پہلی ترجیحی ووٹ ملے جبکہ سی پی رادھا کرشنن کے حق میں 452 ووٹ پڑے۔
وہیں، ووٹنگ ختم ہونے کے بعد کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے دعویٰ کیا تھا کہ ووٹنگ میں اپوزیشن پوری طرح متحد رہا اور اس کے تمام 315 ارکان پارلیمان نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اپوزیشن کے 15 ووٹ کہاں گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں 15 ووٹ ناقص (غلط) پائے گئے۔ ایسا دوسرے پین سے ووٹ ڈالنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ 2017 میں 11 ووٹ جبکہ 2022 میں 15 ناقص ووٹ پائے گئے تھے۔