گائے کی منفرد حیثیت ہے، ذبیحہ سے امن متاثر ہوسکتا ہے : پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
گائے کی منفرد حیثیت ہے، ذبیحہ سے امن متاثر ہوسکتا ہے : پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ
گائے کی منفرد حیثیت ہے، ذبیحہ سے امن متاثر ہوسکتا ہے : پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ

 



چنڈی گڑھ، 26 اگست (پی ٹی آئی)  پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ گائے ایک مقدس جانور ہے اور "بعض اعمال" ایسے ہیں جو جب کسی "اہم آبادیاتی گروہ" کے عقائد کو ٹھیس پہنچاتے ہیں تو امن عامہ پر سنگین اثر ڈال سکتے ہیں۔ عدالت نے یہ بات اُس وقت کہی جب اس نے نوح کے ایک رہائشی آصف کو دی گئی قبل از گرفتاری ضمانت کو خارج کر دیا، جو مبینہ طور پر گایوں کو ذبح کے لیے لے جانے کے الزام میں ملوث ہے۔

آصف اور دو دیگر افراد کو رواں سال اپریل میں ہریانہ گوونش سنرکشن اور گوسمر دھن ایکٹ 2015 اور انسداد ظلم بر جانور ایکٹ 1960 کے تحت راجستھان کے لیے گایوں کی ترسیل کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔جسٹس سندیپ موڈگل نے اپنے حکم (جو رواں ماہ جاری کیا گیا اور پیر کو عام کیا گیا) میں کہا کہ یہ جرم نہ صرف قانونی پہلو رکھتا ہے بلکہ جذباتی اور ثقافتی پہلو بھی اس سے جڑے ہیں، کیونکہ ہندوستانی سماج میں گائے کا ایک منفرد مقام ہے۔

عدالت نے کہاہمارے جیسے کثیرالثقافتی معاشرے میں بعض اعمال، اگرچہ بظاہر نجی ہوں، لیکن جب وہ کسی بڑی آبادیاتی برادری کے گہرے عقائد کو ٹھیس پہنچاتے ہیں تو امن عامہ پر شدید اثرات ڈال سکتے ہیں۔جج نے کہا کہ گائے نہ صرف ایک مقدس جانور ہے بلکہ ہندوستانی زرعی معیشت کا بھی لازمی جزو ہے۔ریاستی وکیل کے مطابق درخواست گزار آصف گائے کے ذبح سے متعلق جرم میں فعال طور پر شامل تھا اور منصفانہ تفتیش کے لیے اس کی حراستی پوچھ گچھ لازمی ہے۔

عدالت نے کہا کہ آئین محض حقوق کا تحفظ نہیں کرتا بلکہ ایک منصفانہ، ہمدرد اور ہم آہنگ معاشرہ قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔آئین ہند کا آرٹیکل 51A(g) ہر شہری پر لازم کرتا ہے کہ وہ تمام جانداروں کے ساتھ ہمدردی برتے۔ اس تناظر میں بار بار اور جان بوجھ کر کیے گئے گائے کے ذبح کے واقعات نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ آئینی اخلاقیات اور سماجی نظم پر بھی کاری ضرب ہیں۔

عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ آصف پہلی بار ملوث نہیں ہوا ہے بلکہ اس کے خلاف اسی نوعیت کے تین دیگر مقدمات بھی درج ہیں، جن میں ضمانت کا دیا گیا عدالتی اعتماد اس نے احترام کرنے کے بجائے غلط استعمالکیا۔عدالت نے کہا کہ قبل از گرفتاری ضمانت ایک اختیاری ریلیف ہے، جس کا مقصد بے گناہ افراد کو بدنیتی پر مبنی گرفتاری سے بچانا ہے، نہ کہ ایسے لوگوں کے لیے پناہ گاہ فراہم کرنا جو بار بار قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔

جسٹس موڈگل نے کہا کہ عدالت فرد کی آزادی کے تحفظ سے باخبر ہے، لیکن "جب اس آزادی کا غلط استعمال ہو اور درخواست گزار کا رویہ بار بار جرم کرنے کا عکاس ہو تو قانون کو سختی سے جواب دینا چاہیے۔ ضمانت کا حق بے خوفی یا بے احتیاطی کا حق نہیں ہے۔عدالت نے کہا کہ چونکہ درخواست گزار "عادی مجرم" ہے اور دوبارہ جرم کرنے کا قوی امکان ہے، اس لیے اسے قبل از گرفتاری ضمانت دینے کی کوئی بنیاد نہیں بنتی۔